وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پیر کو منعقدہ ایک اہم اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لیے جدید اے آئی بیسڈ ٹریفک سگنلز نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ٹریفک کے مسائل کا جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حل حکومت بلوچستان کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے ، میر سرفراز بگٹی

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 27 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پیر کو منعقدہ ایک اہم اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لیے جدید اے آئی بیسڈ ٹریفک سگنلز نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ پر قابو پانے کے لیے جدید اے آئی بیسڈ ٹریفک سگنلز فعال کیے جائیں گے، جن کی مدد سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی، چوراہوں پر غیر ضروری انتظار کا وقت کم ہوگا اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی ۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی سے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنا کر شہریوں کو معیاری سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو مؤثر، پائیدار اور جدید ٹریفک نظام کے لیے باہمی رابطے کے ساتھ مربوط اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور محفوظ ٹریفک نظام حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے مسائل کا جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حل حکومت بلوچستان کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اے آئی بیسڈ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ سے سفر کا دورانیہ کم ہوگا، شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں میسر آئیں گی اور سڑکوں پر نظم و ضبط، شفافیت اور مؤثر نگرانی کو فروغ ملے گا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوئٹہ کو جدید شہری سہولیات سے آراستہ کرنا حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی فیصلوں کے ذریعے عوام کو محفوظ، منظم اور سہل سفری ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو ایک جدید، مؤثر اور قابل اعتماد ٹریفک نظام میسر آسکے۔








