مہمند، اقدامِ قتل میں مطلوب 3 ملزمان گرفتار

مہمندکی تھانہ لکڑے پولیس نے کارروائی کے دوران اقدامِ قتل، فساد اور غیر قانونی اجتماع میں مطلوب 3 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا

پشاور۔ 22 جون (اے پی پی):مہمندکی تھانہ لکڑے پولیس نے کارروائی کے دوران اقدامِ قتل، فساد اور غیر قانونی اجتماع میں مطلوب 3 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔تر جمان مہمند پولیس کے مطابق ڈی ایس پی سرکل لکڑے نادر شیر کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ لکڑے سردار حسین نے پولیس نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مطلوب ملزمان افتخار،علی رضا اور عطا محمد کو گرفتار کر لیا۔مقدمہ کے مطابق وقوعہ ماربل درنگ کے تنازعہ کے سلسلے میں ہونے والے ایک قومی جرگہ کے دوران پیش آیا جہاں علاقہ کے مشران تنازعہ کے حل کے لیے موجود تھے۔ رپورٹ کے مطابق جرگہ کے دوران فریقین کے مابین تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں میر احمد شاہ عرف باچہ زخمی ہو گئے۔ مجروح کو فوری طور پر علاج و معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وقوعہ کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ میں مطلوب 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ مزید 2 ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ لکڑے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مقدمہ کے دیگر پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔