اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور کویت کے درمیان مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کے لئے قرضہ کے دوسرے معاہدے پر دستخط ہوگئے ۔وزارت اقتصادی امور میں جمعہ کو معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں حکومتِ پاکستان اور کویت فنڈ فار عرب اکنامک ڈویلپمنٹ کے درمیان مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کے لئے 7.5 ملین کویتی دینار (تقریباً 25 ملین امریکی ڈالر) مالیت کے دوسرے قرض کے …
مہمند ڈیم منصوبے کی تعمیر میں اہم پیشرفت،پاکستان اور کویت کے درمیان 25 ملین ڈالر مالیت کے دوسرے قرض معاہدے پر دستخط ہو گئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور کویت کے درمیان مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کے لئے قرضہ کے دوسرے معاہدے پر دستخط ہوگئے ۔وزارت اقتصادی امور میں جمعہ کو معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں حکومتِ پاکستان اور کویت فنڈ فار عرب اکنامک ڈویلپمنٹ کے درمیان مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کے لئے 7.5 ملین کویتی دینار (تقریباً 25 ملین امریکی ڈالر) مالیت کے دوسرے قرض کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے سیکرٹری وزارت اقتصادی امور محمد حمیر کریم جبکہ کویت کی جانب سے ڈپٹی ہیڈ آف مشن، سفارتخانہ ریاست کویت فہد ہشام ایچ اے ایس الدوسری نے معاہدے پر دستخط کئے۔
تقریب میں وزارتِ اقتصادی امور اور واپڈا کے سینئر حکام بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری وزارت اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے حکومت کویت اور کویت فنڈ کا پاکستان کے ترقیاتی پروگراموں کے لئے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ رعایتی فنانسنگ پاکستان اور کویت کے برادرانہ تعلقات اور دیرینہ شراکت داری کی عکاس ہے۔ انہوں نے توانائی، پانی اور سماجی شعبوں میں کویت فنڈ کی مالی معاونت کو سراہا جو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
یہ بات یاد دلائی گئی کہ مئی 2024ء میں منعقدہ پاکستان کویت مشترکہ وزارتی کمیشن کے پانچویں اجلاس کے دوران پاکستان نے کویت فنڈ سے مہمند ڈیم منصوبے کے لئے کل 30 ملین کویتی دینار (100 ملین امریکی ڈالر) کی فنانسنگ کے معاہدے پر جلد دستخط کی درخواست کی تھی، جسے چار مساوی اقساط میں جاری کیا جانا تھا۔ جون 2024ء میں پہلے قرض کے معاہدے کے بعد آج کے دستخط اس عزم کے دوسرے مرحلے کی نمائندگی کرتے ہیں۔
سیکرٹری اقتصادی امور نے بتایا کہ منصوبہ تسلی بخش انداز میں آگے بڑھ رہا ہے اور دوسرے قرض کی رقم سے اس سٹریٹجک منصوبے پر تعمیراتی سرگرمیاں مزید تیز ہوں گی۔ یہ منصوبہ نہ صرف پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا بلکہ صاف توانائی پیدا کرے گا، پشاور شہر کو پینے کے پانی کی فراہمی میں مدد دے گا اور ملک میں سیلابی کنٹرول کے نظام کو مضبوط کرے گا۔
انہوں نے تیسرے قرض کے معاہدے پر جلد دستخط کی ضرورت پر زور دیا اور کویت فنڈ کو پاکستان کے دیگر ترجیحی ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ہیڈ آف مشن سفارتخانہِ کویت نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے کویت فنڈ کے مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔








