نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت اقتصادی اصلاحات سے متعلق اجلاس

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کو یہاں اقتصادی اصلاحات سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں پاکستان کی اقتصادی اور ترقیاتی پالیسی سازی میں پلاننگ کمیشن کے تاریخی اور مرکزی کردار کو اجاگر کیا گیا۔ نائب وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ پلاننگ کمیشن کو …

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کو یہاں اقتصادی اصلاحات سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں پاکستان کی اقتصادی اور ترقیاتی پالیسی سازی میں پلاننگ کمیشن کے تاریخی اور مرکزی کردار کو اجاگر کیا گیا۔

نائب وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ پلاننگ کمیشن کو بااختیار بنایا جائے تاکہ وہ سٹریٹجک پالیسی ترجیحات کے تعین اور پبلک انویسٹمنٹ کی مؤثر نگرانی میں قائدانہ کردار ادا کرسکے۔ نائب وزیرِاعظم نے کہا کہ پلاننگ کمیشن کو وزیرِاعظم کی براہِ راست قیادت میں ایک اعلیٰ ترین ادارے کے طور پر کام کرنا چاہئے جس میں ایک مربوط پالیسی و منصوبہ بندی وِنگ اور ایک علیحدہ ترقیاتی وِنگ شامل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ تمام بڑے اقتصادی فیصلے قومی اقتصادی حکمتِ عملی سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں اور ان کے لئے واضح کلیدی کارکردگی اشاریے مقرر کئے جائیں تاکہ احتساب، کارکردگی اور حکومتی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پلاننگ کمیشن کو اقتصادی فیصلوں کے لئے مرکزی کلیئرنگ ہاؤس کا کردار ادا کرنا چاہئے جو وزارتوں اور ڈویژنز کو پالیسی میں تسلسل، مربوط ترقیاتی منصوبہ بندی اور پاکستان کے اقتصادی نظم و نسق کو مضبوط بنانے کے لئے پائیدار اصلاحات کے نفاذ میں رہنمائی فراہم کرے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء برائے خزانہ، منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات اور موسمیاتی تبدیلی، وزیرِ مملکت برائے خزانہ و محصولات، وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری پلاننگ، نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی اور متعلقہ وزارتوں و ڈویژنز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔