نارووال میں ہندو مندر کے حوالے سے بھارتی وزارتِ خارجہ کے دعوے من گھڑت پروپیگنڈا ہیں ، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان نے نارووال میں ہندو مندر کے حوالے سے بھارتی وزارتِ خارجہ کے جھوٹے اور سیاسی مقاصد پر مبنی دعوؤں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے من گھڑت پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):پاکستان نے نارووال میں ہندو مندر کے حوالے سے بھارتی وزارتِ خارجہ کے جھوٹے اور سیاسی مقاصد پر مبنی دعوؤں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے من گھڑت پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ سجاد حیدر خان نے جمعہ کو میڈیا کے سوالات کے جواب میں اڈا سراج نارووال میں ہندو مندر سے متعلق بھارتی وزارتِ خارجہ کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم مندر کے حوالے سے بھارتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے کیے گئے جھوٹے اور سیاسی مقاصد پر مبنی دعوؤں کو مسترد کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پھیلائے جانے والے جھوٹے پروپیگنڈے کے برعکس مندر کی عمارت کو 21 جولائی 2026 کو شدید بارشوں کے باعث نقصان پہنچا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی حکام بارش سے ہونے والے نقصان کا پہلے ہی جائزہ لے چکے ہیں اور عمارت کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ یہ امر باعثِ شرم ہے کہ بھارت حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کررہا ہے اور سستی چالوں کا سہارا لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقائق کو اس طرح دانستہ مسخ کرنا بھارت میں اقلیتوں کے خلاف منظم ظلم و ستم اور ان کی عبادت گاہوں پر ریاستی سرپرستی میں ہونے والے حملوں کے انتہائی خراب ریکارڈ سے توجہ نہیں ہٹاسکتا۔ ترجمان نے کہا کہ دنیا ہندوتوا نظریے کو اقلیتوں کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کیے جانے سے بخوبی آگاہ ہے اور اسے بھارتی قیادت کو مسلم، سکھ اور مسیحی برادریوں کے خلاف جاری ظلم و ستم کا جواب دہ ٹھہرانا چاہیے۔