نیشنل فلیگ کیرئیر پاکستان ائیرلائنزکی نجکاری کا خیرمقدم کرتے ہیں، یہ حکومتی پالیسیوں پر نجی شعبہ کے اعتماد کا مظہرہے،صدرفیصل آباد چیمبر

فیصل آباد۔ 24 دسمبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے نیشنل فلیگ کیرئیر پاکستان ائیر لائنز کی نجکاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اِسے حکومتی پالیسیوں پر نجی شعبہ کے اعتماد کا مظہر قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری ایک تاریخی قدم ہے جس سے نہ صرف قومی خزانے پر پڑنے والا بوجھ کم ہوگا …

فیصل آباد۔ 24 دسمبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے نیشنل فلیگ کیرئیر پاکستان ائیر لائنز کی نجکاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اِسے حکومتی پالیسیوں پر نجی شعبہ کے اعتماد کا مظہر قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری ایک تاریخی قدم ہے جس سے نہ صرف قومی خزانے پر پڑنے والا بوجھ کم ہوگا بلکہ ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ عارف حبیب گروپ جیسے تجربہ کار اور مستحکم کاروباری ادارے کی شمولیت سے پی آئی اے میں پیشہ ورانہ انتظام، مالی نظم و ضبط اور عالمی معیار کی سروسز کے فروغ کی توقع ہے۔صدر ایف سی سی آئی نے کہا کہ ایک مضبوط اور مؤثر قومی ایئرلائن ملکی معیشت، سرمایہ کاری، سیاحت اور برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

پی آئی اے کی بہتری سے پاکستان کا عالمی تشخص مزید بہتر ہوگا اور کاروباری برادری کو بہترین سفری سہولیات بھی میسر آئیں گی۔فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ فیصل آباد جیسے صنعتی شہر کے لیے بہتر فضائی روابط ناگزیر ہیں، نجکاری کے بعد امید ہے کہ فیصل آباد سمیت دیگر صنعتی مراکز کے لیے اندرون و بیرون ملک پروازوں میں اضافہ ہوگا جس سے صنعتکاروں اور برآمد کنندگان کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔آخر میں انہوں نے حکومت پاکستان اور نجکاری کمیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی انتظامیہ پی آئی اے کو ایک منافع بخش، جدید اور مسابقتی ادارہ بنانے میں کامیاب ہوگی جبکہ پی آئی اے کی نجکاری کے بعد دیگر غیر منافع بخش اداروں کی نجکاری کی بھی راہ ہموار ہو گی جن کی وجہ سے ملک کو ہر سال مجموعی طور پر تقریباً 6ٹریلین روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس رقم کو ترقیاتی منصوبوں میں لگا کر عوام کو بہترین سہولتیں مہیا کی جا سکیں گی۔