نیوزی لینڈ کی ٹیم افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سیمی فائنل میں پہنچ گئی،بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر

نیوزی لینڈ کی ٹیم افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سیمی فائنل میں پہنچ گئی،بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر

ابوظہبی۔7نومبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ کی ٹیم افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سیمی فائنل میں پہنچ گئی، نیوزی لینڈ کی فتح کے ساتھ ہی افغانستان اوربھارت کی ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئیں، افغانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے، جواب میں کیوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا،

کپتان کین ولیمسن 40 اور ڈیوون کونوے 36 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، نجیب اللہ زدران کی 73 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، ٹرینٹ بولٹ نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اتوار کو ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سپر12 مرحلے کے گروپ ٹو کے میچ میں افغان ٹیم کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، افغانستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، نجیب اللہ زدران کے سوا افغانستان کا کوئی بھی بلے باز کیوی بائولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا،

زدران نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 رنز کی اننگز کھیلی، حضرت اللہ زیزئی 2، محمد شہزاد 4، رحمان اللہ گرباز 6، گلبدین نائب 15، کپتان محمد نبی 14 کریم جنت 2 اور راشد خان 3 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ٹرینٹ بولٹ نے 17 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں، ٹم سائوتھی نے 2 جبکہ ایڈم ملن، جیمز نیشم اور آئش سودی نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 18.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، 26 کے سکور پر کیوی ٹیم کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب ڈیرل مچل 17 رنز بنانے کے بعد مجیب الرحمان کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، مارٹن گپٹل دوسرے آئوٹ ہونے والے بلے باز تھے جو 28 رنز بنا کر چلتے بنے،

اس موقع پر کین ولیمسن اور ڈیوون کونوے حریف بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 68ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، ولیمسن 40 اور ڈیوون 36 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، راشد خان اور مجیب الرحمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔