"نیویارک سٹی ہال میں پہلی مرتبہ پاکستان کا یومِ آزادی منایا گیا، جو امریکا میں پاکستان اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے تعلقات کی تاریخ میں ایک غیر معمولی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔”
نیویارک سٹی کونسل میں پہلی بار پاکستان کے یومِ آزادی کی تقریب

مزید خبریں
نیو یارک۔18اگست (اے پی پی):نیویارک سٹی ہال میں پہلی مرتبہ پاکستان کا یومِ آزادی منایا گیا، جو امریکا میں پاکستان اور امریکی پاکستانی کمیونٹی کے تعلقات کی تاریخ میں ایک غیر معمولی سنگِ میل ہے۔
یہ تقریب نیویارک سٹی کونسل کی سپیکر جولی مینن اور کونسل ممبر لنڈا لی نے امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ (اے پی اے گی) کے تعاون سے مشترکہ طور پر منعقد کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ اور شریک اراکینِ پارلیمنٹ کو سٹی ہال میں یومِ آزادی کی تقریب منعقد کرنے اور پاکستان سے اپنی محبت و دیرینہ وابستگی کے اظہار کو سراہا۔ انہوں نے اسے پاکستانی امریکی کمیونٹی کے لیے ایک قابلِ فخر اور یادگار موقع قرار دیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں پاکستانی نژاد امریکی شہریوں، منتخب نمائندوں، اراکینِ پارلیمنٹ اور میڈیا سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر نیویارک سٹی کونسل کی سپیکر جولی مینن نے نیویارک شہر کی ترقی اور خوشحالی میں قابلِ قدر کردار ادا کرنے اور پاکستان و امریکا دونوں کے ساتھ مضبوط وابستگی برقرار رکھنے پرپاکستانی امریکی کمیونٹی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ دیگر اراکینِ پارلیمنٹ نے بھی پاکستانی امریکی کمیونٹی کی ثابت قدمی، محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے پاکستان اور امریکا کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے میں اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس تاریخی تقریب نے نیویارک شہر کی شہری، معاشی اور سماجی زندگی میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی پذیرائی اور مثبت کردار کو نمایاں کیا۔








