اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ن لیگ پلان بنانے کی ماسٹر ہے، مریم نواز کی نیب پیشی کے دوران ہنگامہ آرائی کا جو ڈرامہ رچایا گیا یہ پہلے سے طے شدہ تھا، ن لیگ نے ہمیشہ ایسے کلچر کو فروغ دیا کہ یہ قانون سے بالاتر ہیں، نیب چار سال سے مریم نواز سے پوچھ …
ن لیگ پلان بنانے کی ماسٹر ہے، مریم نواز کی نیب پیشی کے دوران ہنگامہ آرائی کا ڈرامہ پہلے سے طے شدہ تھا، نیب چار سال سے مریم نواز سے پوچھ رہا ہے کہ بیرون ملک جائیدادیں کیسے بنائیں، یہ سوالات کا جواب دینے کی بجائے جلوس لیکر نیب میں پیش ہوتی ہیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ن لیگ پلان بنانے کی ماسٹر ہے، مریم نواز کی نیب پیشی کے دوران ہنگامہ آرائی کا جو ڈرامہ رچایا گیا یہ پہلے سے طے شدہ تھا، ن لیگ نے ہمیشہ ایسے کلچر کو فروغ دیا کہ یہ قانون سے بالاتر ہیں، نیب چار سال سے مریم نواز سے پوچھ رہا ہے کہ بیرون ملک جائیدادیں کیسے بنائیں، یہ سوالات کا جواب دینے کی بجائے جلوس لیکر نیب میں پیش ہوتی ہیں تاکہ اصل مسئلے سے توجہ ہٹائی جا سکے لیکن کسی کو بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، مریم نواز سزایافتہ مجرم ہیں حکومت انہیں کسی قیمت پر بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے گی۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب کے سوالات پر ن لیگ سیاست کر رہی ہے، انہوں نے ایسا کلچر بنایا ہوا ہے کہ یہ قانون سے مبرا ہیں اور ان سے پوچھ گچھ نہیں ہو سکتی، یہ ہمیشہ ایسا ماحول بنانے کی کوشش کرتے ہیں کہ مین ایشو پیچھے چلا جائے اور بات پتھر اور پولیس کی ہو، ن لیگ کے قائدین نے آج تک بدعنوانی کے الزامات کا جواب نہیں دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ن لیگ کی ساری سیاست ہی جھوٹ پر مبنی ہے، پارلیمنٹ میں بیان دے کر بعد میں مکر جاتے ہیں، ن لیگ جس طرح قطری خط پیدا کر سکتی ہے اسی طرح یہ لوگ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی قیادت سے کوئی موازنہ نہیں ہے، ن لیگ اور پی پی پی کے قائدین پر بدعنوانی کے سنگین مقدمات ہیں، ان لوگوں نے قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹ کر بیرون ممالک جائیدادیں بنائیں جبکہ وزیراعظم عمران خان کی بیرون ممالک کوئی جائیداد نہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار بھی نیب کے سامنے پیش ہوئے ہیں لیکن وہ کبھی اپنے ساتھ جلوس لیکر نہیں گئے، یہ ہماری جماعت کا کلچر نہیں ہے، ن لیگ کو چاہیے تھا کہ نیب کے سامنے پیش ہو کر عوام کو پیغام دیں کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں لیکن اس کے بجائے یہ ہمیشہ احتساب کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، مریم نواز ہنگامہ آرائی کی آڑ نہ لیں، نیب کے سوالوں کا جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے قائدین کی تاریخ رہی ہے جب بھی ان کے خلاف احتساب کا گھیرا تنگ ہوتا ہے تو یہ عوام کو چھوڑ کر بیرون ممالک چلے جاتے ہیں، اس وقت بھی سارا خاندان بیرون ملک ہے، مریم نواز بھی کوشش کر رہی ہیں کہ کسی نہ کسی طریقے سے انہیں باہر جانے دیا جائے، مریم نواز سزا یافتہ مجرم ہیں، حکومت کسی قیمت پر انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے گی۔








