بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل حیدر مرتضیٰ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق بینظیر سوشل پروٹیکشن والٹ کا نظام مستحق خواتین کو مالی طور پر بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے تحت خواتین کے ذاتی ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ مالی معاونت براہ راست منتقل کی جا سکے۔
والٹ نظام کے تحت مستحق خواتین کی مالی معاونت براہ راست ان کے ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل ہوگی ،حیدر مرتضیٰ

مزید خبریں
ملتان۔ 19 جولائی (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل حیدر مرتضیٰ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق بینظیر سوشل پروٹیکشن والٹ کا نظام مستحق خواتین کو مالی طور پر بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے تحت خواتین کے ذاتی ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ مالی معاونت براہ راست منتقل کی جا سکے۔ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب نے رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور جھنگ کے اضلاع میں بینظیر سوشل پروٹیکشن والٹ کے تحت مفت سمز کی تقسیم اور ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس کے قیام کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے سم تقسیمی مراکز کا دورہ کیا۔
انہوں نے مستحق خواتین کو فراہم کی جانے والی سہولیات، سموں کے اجراء اور ایکٹیویشن کے عمل کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران حیدر مرتضیٰ نے مستحق خواتین سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور تجاویز سنیں جبکہ عملے کو ہدایت کی کہ خواتین کو بہتر سہولیات، بروقت معاونت اور نئے ڈیجیٹل والٹ نظام سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کی جائے۔ انہوں نے انتظار گاہوں، بیٹھنے کے انتظامات، صاف پانی، وینٹیلیشن اور دیگر بنیادی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ بزرگ، معذور اور حاملہ خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر سمز فراہم کی جائیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل والٹ نظام کے تحت مستحق خواتین کی مالی معاونت براہ راست ان کے ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل ہوگی جبکہ ادائیگیوں کی تفصیلات بذریعہ ایس ایم ایس فراہم کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نظام سے ادائیگیوں میں شفافیت کو فروغ ملے گا، غیر قانونی کٹوتیوں کی روک تھام ہوگی اور خواتین کو اپنی امدادی رقم پر مکمل اختیار حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مالی شمولیت کو فروغ دینے اور مستحق خاندانوں کو محفوظ، باعزت اور آسان مالی خدمات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب نے مستحق خواتین کو آگاہ کیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی بینظیر سم مکمل طور پر مفت ہے اور اس کے حصول کے لیے کسی قسم کی فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین صرف بی آئی ایس پی کے مجاز مراکز سے اصل شناختی کارڈ اور موبائل فون کے ہمراہ سم حاصل کریں، سم کو محفوظ رکھیں اور اس کا پن یا دیگر معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈیجیٹل والٹ نظام کے مؤثر نفاذ، مستحق خواتین کی سہولت اور شفاف ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا تاکہ پروگرام کے ثمرات زیادہ مؤثر انداز میں مستحق خاندانوں تک پہنچ سکیں۔







