وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن حمید کی خصوصی شرکت ،کئی اہم فیصلے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن حمید کی خصوصی شرکت ،کئی اہم فیصلے ترقی کے لئے تین ضروری شرائط تقویٰ، اخلاص اور حسن کارکردگی ہیں، دنیا میں وہ ملک عدم استحکام کا شکار ہوئے جو اپنا اتحاد و اتفاق برقرار نہ رکھ سکے اور انتشار کا شکار ہوئے، آپس کا اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں اور ذاتی مفادات سے …

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن حمید کی خصوصی شرکت ،کئی اہم فیصلے
ترقی کے لئے تین ضروری شرائط تقویٰ، اخلاص اور حسن کارکردگی ہیں، دنیا میں وہ ملک عدم استحکام کا شکار ہوئے جو اپنا اتحاد و اتفاق برقرار نہ رکھ سکے اور انتشار کا شکار ہوئے، آپس کا اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفادات میں فیصلے کئے جائیں، امام کعبہ کا وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال

اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت بدھ کووفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن حمید خصوصی دعوت پر شریک ہوئے اور اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ میرے لیے یہ بڑی سعادت ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے مجھے مدعو کیا اور یہ موقع فراہم کیا کہ میں وفاقی کابینہ سے مخاطب ہو سکوں۔ میں وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور میں خادمین حرمین شریفین، ولی عہد، سعودی عرب کے علما اور عوام کی جانب سے سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے پاکستان آنے کا متعدد بار موقع ملا ہے، میں پاکستان کو اپنا گھر سمجھتا ہوں۔ امام کعبہ نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات تاریخی اور مضبوط ہیں، پاکستان نے ہمیشہ سعودی عرب کا ساتھ دیا ہے اور ہر طرح کے حالات میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ اپنے ریمارکس میں امام کعبہ نے کہا کہ ترقی کے لئے تین ضروری شرائط تقویٰ، اخلاص اور حسن کارکردگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں وہ ملک عدم استحکام کا شکار ہوئے جو اپنا اتحاد و اتفاق برقرار نہ رکھ سکے اور انتشار کا شکار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ آپس کا اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفادات میں فیصلے کئے جائیں۔بعد ازاں وفاقی کابینہ نے قانونی کیسز کو نمٹانے کے حوالہ سے کابینہ کمیٹی کی جانب سے دی گئی سفارشات کی توثیق کی۔

Leave a Reply