وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی سے تنازعہ کشمیر کو حل نہیں کر سکتا، بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرانے کیلئے اپنا جائز کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے یہ بات صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان سے منگل کو …

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی سے تنازعہ کشمیر کو حل نہیں کر سکتا، بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرانے کیلئے اپنا جائز کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے یہ بات صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان سے منگل کو وزیراعظم آفس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ صدر آزاد کشمیر نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ غیر ملکی دوروں کے بارے میں آگاہ کیا جن کے دوران انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے یورپی ارکان پارلیمان کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے بارے میں بھی بتایا جہاں انہوں نے ان پر زور دیا کہ انہیں تنازعہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کرنے اور بھارتی قابض افواج کی طرف سے روز بروز بڑھتے ہوئے مظالم کے خاتمہ میں کشمیری عوام کی مدد کرنی چاہئے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صدر آزاد کشمیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی قابض افواج کے ذریعے ریاستی دہشت گردی سے تنازعہ کشمیر کو حل نہیں کر سکتا، بھارتی قابض افواج بےگناہ اور نہتے شہریوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہیں جو اپنے جائز حق خود ارادیت اور آزادی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اپنا مناسب کردار ادا کرتے ہوئے بھارت پر زور دینا چاہئے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اپنے حق خود ارادیت کیلئے جائز جدوجہد کیلئے پاکستان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کیا۔

Leave a Reply