وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزارت عظمی کے لئے میرا نام محمد نواز شریف نے تجویز کیا اور اس کی سب نے تائید کی، میں 45دن وزیراعظم رہوں یا10ماہ، اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جتنے ترقیاتی کام کرائے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، پارٹیاں بدلنے والے سیاستدانوں کا اب کوئی مستقبل نہیں، پاکستان میں جمہوری نظام بہتری کی طرف گامزن ہے، محمد نواز شریف وزیراعظم نہیں مگر ان کی پالیسیاں جاری ہیں، سیاسی جماعتیں متفق ہوں تو آرٹیکل62میں ترمیم ہو سکتی ہے، 2017ءکے بعد ملک میں لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی، مخالفین 1998ءسے لے کر اب تک اپنا کوئی ایک منصوبہ دیکھا دیں، 2018ءکے انتخابات وقت پر ہوں گے، آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) ہی کامیابی حاصل کرے گی۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تمام ملکوںکے ساتھ تعلقات بہتر بنانا ہمارا ہدف ہے، خواجہ محمد آصف کامیاب ترین وزیر خارجہ ثابت ہوں گے، سفارتی امور کے لئے محمد نواز شریف سے بہتر کوئی شخص نہیں دیکھا، چین کے ساتھ حالیہ تعلقات کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، روس کے ساتھ تعلقات کی بحالی اہم کامیابی ہے، بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا ملک کے مفاد میں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ توانائی بحران کے حل کےلئے ایل این جی معاہدہ ضروری تھا، حکومت آنے کے بعد 20 ماہ کے اندر ایل این جی سسٹم میں شامل کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی معاہدوں سے ملک کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا، کئی ممالک کے مقابلے میں پاکستان نے قطر سے سستے داموں ایل این جی کا معاہدہ کیا، اس وقت بھارت، جاپان اور کوریا سمیت کئی ممالک قطر سے ایل این جی درآمد کر رہے ہیں اور پاکستان نے قطر سے ایل این جی حاصل کرنے کا ایک جامع اور سستا معاہدہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی نگرانی وزیراعظم کے ذریعے بہتر رہے گی، منصوبہ بندی و ترقی کی وزارت بھی وزیراعظم کی زیرنگرانی رہے گی۔