لندن ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف انشاءاﷲ آئندہ پیشی پر احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہمراہ پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال اور ملک میں جاری …
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو

مزید خبریں
لندن ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف انشاءاﷲ آئندہ پیشی پر احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہمراہ پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال اور ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے دورہ اور سابق وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کو نجی اور ذاتی حیثیت میں قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے بطور وزیراعظم حکومت سے ایک دن کی چھٹی لی ہے اور پیر کی شب پاکستان واپس جا رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں اختلافات کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے اس طرح کی باتوں کو افواہیں قرار دیا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ جماعت نے نواز شریف کو صدر منتخب کیا ہے۔ پی آئی اے کی نیویارک کی پرواز کو بند کرنے سے متعلق ایک سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ یہ تین سال پہلے بند ہوئی تھیں۔ انہوں نے اس فیصلہ میں ایئر بلیو کے کسی ممکنہ ربط کو مسترد کر دیا اور کہا کہ ایئر بلیو کا امریکہ کیلئے پرواز کے آغاز کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اس موقع پر پارٹی میں کسی بھی مائنس ون فارمولا کے خیال کو مسترد کر دیا اور کہا کہ اجلاس کے دوران پارٹی کو آگے لے جانے اور آئندہ عام انتخابات سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی ہے۔ جب ان سے نواز شریف کے فری اینڈ فیئر ٹرائل کے مطالبہ سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ سابق وزیراعظم کاجائز مطالبہ ہے۔








