وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے یوم فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لئے باکو روانہ

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر آذربائیجان کے یوم فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لئے باکو کے لئے روانہ ہوگئے،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم آذر بائیجان کے صدرالہام علیوف …

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر آذربائیجان کے یوم فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لئے باکو کے لئے روانہ ہوگئے،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم آذر بائیجان کے صدرالہام علیوف سے ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے علاوہ تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم اور علاقائی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مشترکہ عقیدے، تاریخ ،ثقافت اور باہمی اعتماد پرمبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔

دونوں ممالک علاقائی اور بین الاقوامی فورمز بشمول اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی )، اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) اور اقوام متحدہ میں بھی قریبی تعاون کو برقرار رکھتے ہیں۔ وزیراعظم کا دورہ آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی ثابت قدم سے حمایت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ ہے۔