وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذہبی مکالمے اور اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں مسلم ورلڈ لیگ کی کوششیں نہایت اہم ہیں۔

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مسلم دنیا کو درپیش موجودہ مسائل سے نمٹنے کے لیے مذہبی مکالمے کے حوالے سے مسلم ورلڈ لیگ کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، ارکین قومی اسمبلی فرح ناز اکبر، زیب جعفر اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔ سیکرٹری جنرل کے ہمراہ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی بھی تھے۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر العیسیٰ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور 12-13 جولائی کو اسلام آباد میں منعقدہ خواتین سے متعلق او آئی سی کی وزارتی کانفرنس میں شرکت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے اسلام کے حقیقی اور معتدل تشخص کو اجاگر کرنے، امتِ مسلمہ میں اتحاد کو فروغ دینے اور دنیا بھر میں رواداری، اخوت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام عام کرنے میں مسلم ورلڈ لیگ کے گراں قدر کردار کو سراہا۔ اس سلسلے میں، انہوں نے لیگ کی عالمی سطح پر سرگرمیوں کو آگے بڑھانے میں سیکرٹری جنرل کی ذاتی قیادت کی تعریف کی اور تنظیم کے اقدامات کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے مسلم دنیا کو درپیش موجودہ مسائل سے نمٹنے کے لیے مذہبی مکالمے کے حوالے سے مسلم ورلڈ لیگ کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ان مسائل میں ایران اور خلیجی برادر ممالک کے درمیان خطے کی موجودہ صورتحال، غزہ میں فلسطینیوں کی مشکلات اور دنیا بھر میں مسلم برادریوں کو درپیش دیگر چیلنجز شامل ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر العیسیٰ کے پاکستان کے گزشتہ دوروں اور ان کی خدمات کا ذکر کیا جن میں اسلام آباد میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق بین الاقوامی سربراہی اجلاس کا انعقاد بھی شامل ہے۔ انہوں نے تعلیم، بین المذاہب مکالمے اور انتہا پسندی و اسلامو فوبیا کے تدارک کے شعبوں میں پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے اپنے احترام کے جذبات اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ڈاکٹر العیسیٰ نے اپنے اور اپنے وفد کی پرتپاک مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور عالمِ اسلام میں پاکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے مذہبی، تعلیمی اور انسانی امور میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ’’مسلم ورلڈ لیگ‘‘ کے عزم کا اعادہ کیا۔ڈاکٹر العیسیٰ نے خطے میں امن کی حالیہ کوششوں میں وزیراعظم کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئےاسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے سلسلے میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں اور گراں قدر خدمات کو بھی بھرپور سراہا۔ وزیراعظم نے پاکستان کا دورہ کرنے پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا اور مشترکہ ترجیحات پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا جن میں پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے مابین جاری مشترکہ منصوبوں اور اقدامات کی جلد تکمیل شامل ہے