وزیراعظم شہباز شریف کا متاثرہ علاقوں میں گھریلو صارفین کے اگست کے بجلی کے بل معاف، زرعی، کمرشل اور صنعتی صارفین کے بلوں کی وصولی موخر کرنے کا اعلان ، سیلاب متاثرین کی مکمل آباد کاری کے عزم کا اعادہ

لاہور۔14ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گھریلو صارفین کے اگست کے بجلی کے بل معاف کرنے اور زرعی، کمرشل اور صنعتی صارفین کے اگست کے بلوں کی وصولی موخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کی مکمل آباد کاری کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ملک میں بہت تباہی ہوئی ہے،ہمیں سیلاب سے …

لاہور۔14ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گھریلو صارفین کے اگست کے بجلی کے بل معاف کرنے اور زرعی، کمرشل اور صنعتی صارفین کے اگست کے بلوں کی وصولی موخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کی مکمل آباد کاری کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ملک میں بہت تباہی ہوئی ہے،ہمیں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مشکلات کا مکمل اندازہ ہے،اس مشکل گھڑی میں بجلی کے بلوں کی ادائیگی وفاقی حکومت اپنے وسائل سے کرے گی۔

اتوار کو سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ملک میں بہت تباہی ہوئی ہے،جانی نقصان کے علاوہ مال مویشی اور روزگار اور گھروں کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے،متاثرہ علاقوں میں اشیاء خورد و نوش اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں، عوام اور فوج سب مل کر ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں،

وزیراعظم نے کہا کہ اسی تناظر میں انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گھریلو صارفین کے اگست کے مہینے کے بجلی کے بل معاف کیے جا رہے ہیں،گھریلو صارفین کو اب اگست کے بل ادا نہیں کرنا پڑیں گے،وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مشکلات کا مکمل اندازہ ہے،اس مشکل گھڑی میں بجلی کے بلوں کی ادائیگی وفاقی حکومت اپنے وسائل سے کرے گی،یہ سیلاب متاثرین کا حق ہے ،کوئی ان پر احسان نہیں ہے،

وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے جو گھریلو صارفین اپنے اگست کے بجلی کے بل ادا کر چکے ہیں انہیں یہ رقم اگلے ماہ کے بجلی کے بل میں واپس کر دی جائے گی، اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،اسی طرح متاثرہ علاقوں میں زرعی، کمرشل اور صنعتی شعبے سے وابستہ صارفین کے نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور ان کی اگست کے مہینے کی بجلی کی بل کی وصولی کو موخر کیا جا رہا ہے، اگر ان صارفین کے نقصانات کا تخمینہ زیادہ نکلا تو انہیں مزید ریلیف دینے کے حوالے سے مزید اقدامات کیے جائیں گے،

وزیراعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،سیلاب سے متاثر علاقوں میں تباہی اور نقصانات ہوئے ہیں اور ہمارے بزرگ ،مائیں، بہنیں ،بیٹیاں کھلے آسمان تلے جن مشکلات کا شکار ہیں ہم ان سے بخوبی واقف ہیں،اس صورتحال میں یہ کوششیں سیلاب متاثرین کی مشکلات میں کمی کا سبب بنیں گی، وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور ایک مرتبہ پھر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی مکمل آباد کاری کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں اور متاثرین کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم سب اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک سیلاب سے متاثرہ ہر شخص کو اس کے گھر میں دوبارہ آباد نہ کر دیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالی ہم سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے اور ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔

مزید خبریں