وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ بندرگاہوں سے متعلق تمام ادارے باہمی اشتراک سے کام کریں اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس، بندرگاہوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور پی این ایس سی کے بحری بیڑے میں اضافے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ بندرگاہوں سے متعلق تمام ادارے باہمی اشتراک سے کام کریں اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں، بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل، کلیئرنس اور دیگر متعلقہ امور کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ کاروباری برادری کو سہولت فراہم ہو اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئے۔منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کی بندر گاہوں اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے امور پر اجلاس وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہوا۔اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں کاروبار بڑھانے اور معاشی ترقی کے لئے ہماری بندرگاہوں کا انتہائی اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خطے میں ایک اہم تجارتی اور ٹرانس شپمنٹ مرکز بنانے کے لیے بندرگاہوں کی استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بندرگاہوں سے متعلق تمام ادارے باہمی اشتراک سے کام کریں اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل، کلیئرنس اور دیگر متعلقہ امور کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ کاروباری برادری کو سہولت فراہم ہو اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو ایک جدید، مستحکم اور عالمی معیار کے مطابق مسابقتی ادارہ بنانے کے لیے جامع اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پی این ایس سی کے بحری بیڑے میں اضافے کے لیے قابل عمل منصوبہ بندی کی جائے تاکہ ملکی درآمدات و برآمدات کے لیے اپنی شپنگ سہولیات کو فروغ دیا جا سکے۔اجلاس کو پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن میں اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پی این ایس سی کے حوالے سے بزنس ڈویلپمنٹ پلان تیار کیا گیا ہے۔ پی این ایس سی کے اصلاحاتی بزنس پلان کے تحت فلیٹ کی تعداد میں اضافے اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ کے حوالے سے اقدامات شامل ہوں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پی این ایس سی کی اصلاحات کا بنیادی مقصد ملک کی سی کارگو کی استعداد کار کو سال 2030ء تک دنیا کے بہترین معیار تک پہنچانا ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹرمصدق ملک، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری ، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ظفر اقبال، ارکین قومی اسمبلی محمد فاروق ستار اور عبدالقادر پٹیل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔







