ملک سے ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 1.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران 1.3 فیصد اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):ملک سے ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 1.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2026 کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 6.28 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران ریکارڈ کئے گئے 6.20 ارب ڈالر کے مقابلے میں 1.3 فیصد زیادہ ہے۔اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026 کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کا حجم 1.59 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو ستمبر 2026 کے دوران ریکارڈ کئے گئے 1.624 ارب ڈالر کے مقابلے میں ماہانہ بنیادوں پر 2.1 فیصد کم جبکہ گزشتہ سال اکتوبر کے 1.631 ارب ڈالر کے مقابلے میں سالانہ بنیادوں پر 2.5 فیصد کم ہے۔ واضح رہے کہ مالی سال 2026 کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی مجموعی برآمدات کا حجم 17.69 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سوتی دھاگے کی برآمدات کا حجم 252.24 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 211.97 ملین ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
اسی طرح سوتی ملبوسات کی برآمدات کا حجم 553.63 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 579.60 ملین ڈالر کے مقابلے میں کم ہے۔جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران نیٹ ویئرز کی برآمدات کا حجم 1.745 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 1.757 ارب ڈالر کے مقابلے میں معمولی کم ہے۔بیڈ ویئرز کی برآمدات کا حجم 1.065ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اس کا حجم 1.133 ارب ڈالر تھا۔ تولیوں کی برآمدات 331 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 323 ملین ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات کا حجم جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 1.55 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 1.44 ارب ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہے۔اس کے برعکس سلک اور سنتھیٹک ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے 113.89 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان مصنوعات کی برآمدات کا حجم 125.54 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔







