وزیراعظم عمران خان کا مختلف سرکاری اداروں اور املاک کی نجکاری کے عمل میں پیشرفت کے حوالہ سے جائزہ اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 4 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ نجکاری کا عمل مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے، اس سلسلہ میں بین الوزارتی کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنایا جائے، غیر منافع بخش اداروں اور غیر استعمال شدہ املاک کی نجکاری قومی مفاد میں ہے اس سے قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ میں کمی آئے گی اور سماجی شعبہ و دیگر عوامی فلاحی ترقیاتی منصوبوں کےلئے مالی وسائل میسر آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مختلف سرکاری اداروں اور املاک کی نجکاری کے عمل میں پیشرفت کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے نجکاری میاں محمد سومرو، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داو¿د، مشیر اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سیکرٹری نجکاری ڈویژن اوردیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری نجکاری ڈویژن نے وزیرِاعظم کو مختلف سرکاری اداروں اور املاک کی نجکاری کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس سال سات ادارے اور املاک کی نجکاری کا عمل مکمل کر لیا جائے گا، ان میں دو آر ایل این جی پاور پلانٹس، ایس ایم ای بینک، سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور، جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد اور 27 سرکاری اراضیوں کی نجکاری شامل ہے۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ یہ سات ٹرانزیکشنز مئی اور جون کے مہینوں تک مکمل کر لی جائیں گی۔ وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر منافع بخش اداروں اور غیر استعمال شدہ املاک کی نجکاری قومی مفاد میں ہے کیونکہ جہاں اس سے قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ میں کمی آئے گی وہاں سماجی شعبہ و دیگر عوامی فلاحی ترقیاتی منصوبوں کےلئے مالی وسائل میسر آئیں گے۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کا عمل مقررہ ٹائم لائنز میں مکمل کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں بین الوزارتی کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ حل طلب معاملات پر فوری ایکشن لے کر تمام رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔