"وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل کے مقامی دفتر کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عمل سے گزر رہا ہے اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے ملکی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔”
وزیراعظم کا پاکستان میں گوگل کے مقامی آفس کے قیام کا خیر مقدم، پاکستان ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عمل سے گزر رہا ہے، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے ملکی تقدیر بدل سکتے ہیں، شہباز شریف

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل کے مقامی آفس کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عمل سے گزر رہا ہے، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے ملکی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

وہ منگل کو یہاں گوگل کے مقامی آفس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ، امریکی ناظم الامور نیٹلے بیکر، گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ اور اعلیٰ سرکاری حکام موجود تھے۔ وزیر اعظم نے گوگل کی ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ گوگل کا نام دنیا بھر میں مانا اور پہچانا جاتا ہے ، یہ گوگل کی ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہے، پاکستان میں گوگل کیلئے بڑے مواقع موجود ہیں ، یہ ایک لمبے سفر کا آغاز ہے، گوگل آفس کا قیام وقت کی ضرورت تھی، امید کرتے ہیں کہ ہماری شراکت داری مزید فروغ پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں انہیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کریں گے۔ وزیر اعظم نے گوگل کے وفد کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ گوگل کی ٹیم ایسے وقت میں پاکستان آئی ہے جب ملک ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عمل سے گزر رہا ہے، کئی حکومتی و سرکاری شعبوں میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ہورہی ہے ۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر گوگل کے مقامی دفتر کا افتتاح کیا۔ گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ نے ملاقات پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آنا اور یہاں کام کرنا گوگل کیلئے اعزاز ہے۔ انہوں نے حکومت کے 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی کی برآمدات کے ہدف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ گوگل کے وژن سے ہم آہنگ ہے، گزشتہ دس سالوں میں گوگل نے پاکستان میں 3.9 ٹریلین روپے کی اکنامک ایکٹویٹی کی ہے جس سے 960 ہزار ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں ، گوگل کے مقامی آفس کے قیام سے پاکستان میں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے پاکستان کیساتھ طویل المدت شراکت داری کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے لیے اقدامات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کو گوگل کے اہداف اور مقاصد سے بھی آگاہ کیا








