وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 13 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ آج وفاقی وزیر اسد عمر کی قیادت میں حکومتی وفد نے ملاقات کی، عوام کی توقعات اور وزیراعظم کی ترجیحات کے حوالے سے بات چیت ہوئی، ایم کیو ایم وزیراعظم کے وژن 2020ء کا حصہ رہے گی، …

اسلام آباد ۔ 13 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ آج وفاقی وزیر اسد عمر کی قیادت میں حکومتی وفد نے ملاقات کی، عوام کی توقعات اور وزیراعظم کی ترجیحات کے حوالے سے بات چیت ہوئی، ایم کیو ایم وزیراعظم کے وژن 2020ء کا حصہ رہے گی، وزیراعظم کراچی کے لئے 162 ارب کا پیکیج دے چکے ہیں، رانا ثناء اللہ اپنے مقدمہ کو سیاسی رنگ دینے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں، خصوصی عدالت کا قیام کابینہ کی منظوری کے بغیر نواز شریف نے کیا، لاہور ہائی کورٹ نے پرویز مشرف کیس میں انصاف کی فراہمی یقینی بنائی، الیکشن کمیشن کو بااختیار بنانے کیلئے سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ضروری ہے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے ساتھ وفاقی وزیر اسد عمر کی قیادت میں حکومتی وفد نے ان کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں حکومتی وفد نے عوام کی توقعات اور وزیراعظم کی ترجیحات کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے، ایم کیو ایم نے وزیراعظم کے وژن 2020ء کا حصہ دار رہے گی، ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایم کیو ایم کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہم شکر گزار ہیں ایم کیو ایم نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے حکومت کا ساتھ دیا،2020ء معاشی ثمرات عوام کو منتقلی کا سال ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت کے ساتھ رہے گی، جو کل سے بغلیں بجا رہے تھے ان کو مایوسی ہوئی ہے ان کے جذبات پر اوس پڑی ہے، حکومت اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر عوام کے مسائل کے ادراک کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ مسلسل اپنی بے گناہی کو مذہب کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں، قرآن پاک کو گواہ بنا کر میڈیا اور پارلیمنٹ میں بات کر رہے ہیں، ان کی ضمانت ہوئی ہے مقدمہ ختم نہیں ہوا، وہ سیاست بچانے کیلئے مذہب کا استعمال نہ کریں، عدالت نے ان کو بیگناہی کا سرٹیفکیٹ نہیں دیا، مقدمہ کا ٹرائل ہونا ابھی باقی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو، کا نعرہ لگانے والی قیادت کبھی حامد کرزئی اور کبھی فائیوسٹار ہوٹل میں سیاسی چالوں کا پلان مرتب کر رہی ہیں، قوم جاننا چاہتی ہے کہ نواز شریف کی پلیٹ لیٹس کی کیفیت کیا ہے، حکومتی بورڈ کی سفارش پر جو ضمانت دی تھی وہ ضمانت دار اس وقت ہسپتال کے بجائے ان کی تصاویر مختلف پرفضاء مقام کی سامنے آ رہی ہیں۔ لیڈر آف اپوزیشن سے قوم جاننا چاہتی ہے نواز شریف کی صحت کیسی ہے جو پاکستان کو چھوڑ کر بیرون ملک سیر و تفریح کی وجہ سے غائب ہیں رانا ثناء اللہ عوام جاننا چاہتے ہیں، مسلم لیگ کی قیادت پر اپنا غصہ نکالیں عوام پر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حقائق پر مبنی بات کرتے ہیں آپ قیاس آرائی پر بات کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے اہم فیصلے کا اعلان کیا ہے کہ خصوصی عدالت کا قیام کابینہ کی منظوری کی بجائے سابق وزیراعظم کے خط پر کیا، عدالتی فیصلے سے استحکام ہو گا، ملکی ادارے مل کر کام کریں گے، ملزم کی موجودگی کے بغیر یکطرفہ ٹرائل پر فیصلہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملات پر میڈیا مثبت کردار ادا کر رہا ہے، ہم خطے کو کشیدگی کی صورتحال سے بچانے کیلئے کوشاں ہیں، خطے کے اندر پرامن صورتحال کیلئے پاکستان امن کا علمبردار بن کر خطے میں جنگ کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے، وزیراعظم کی خواہش پر وزیر خارجہ ایران کے بعد سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں، ہماری شناخت اور وجود پاکستان کے استحکام سے وابستہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے حکم پر اوور بلنگ کے حوالے سے صارفین سے لی گئی اضافی رقم آئندہ بلوں میں ایڈجسٹ کی جا رہی ہے، ہم کسی کو عوام کی جیبوں پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، آج کابینہ کے اجلاس میں ٹیرف سے متعلق معاملات کابینہ میں زیر بحث لائے جا ئیں گے۔