وزیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان کے کوہاٹ کے علاقے بنگش کی مختلف امام بارگاہوں کے دورے

شفیع جان کا کوہاٹ کی امام بارگاہوں کا دورہ، محرم سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

پشاور۔ 25 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے کوہاٹ کے علاقہ بنگش میں مختلف امام بارگاہوں کے دورے کیے اور محرم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوہاٹ محمد نواز وزیر اور اسسٹنٹ کمشنر نوید احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر نے امام بارگاہوں کے منتظمین، مقامی عمائدین اور عزاداروں سے ملاقاتیں کیں، ان کے مسائل، تجاویز اور مطالبات سنے اور متعلقہ حکام کو فوری حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔صوبائی وزیر نے محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی، صفائی، بجلی، پانی اور دیگر شہری سہولیات کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے سکیورٹی اقدامات، داخلی و خارجی راستوں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلیے کیے گئے انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر شفیع جان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور عزاداروں کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ہدایات کی روشنی میں اضلاع کی سطح پر جامع سیکورٹی پلانز ترتیب دیے گئے ہیں اور ان پر مؤثر انداز میں عملدرآمد جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں 43 ہزار 317 پولیس اہلکار سیکورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے سیکورٹی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ امام بارگاہوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔شفیع جان نے اس امر پر زور دیا کہ محرم الحرام کے دوران بین المسالک ہم آہنگی، امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عزاداروں کو پرامن، محفوظ اور سہولتوں سے آراستہ ماحول کی فراہمی ہر صورت میں یقینی بنائے گی۔