وزیر اعظم عمران خان کورونا وائرس صورتحال میں بہترین لیڈرشپ کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی پی ٹی وی سے خصوصی گفتگو

اسلام آباد ۔ 19 اپریل (اے پی پی) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کورونا وائرس صورتحال میں بہترین لیڈرشپ کا مظاہرہ کر رہے ہیں، دور اندیش پالیسیوں اور دلیرانہ فیصلوں کی وجہ سے وہ پوری دنیا کیلئے رول ماڈل بن گئے ہیں، حکومت محدود وسائل کے باوجود ملک کے غریب خاندانوں کو مالی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے …

اسلام آباد ۔ 19 اپریل (اے پی پی) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کورونا وائرس صورتحال میں بہترین لیڈرشپ کا مظاہرہ کر رہے ہیں، دور اندیش پالیسیوں اور دلیرانہ فیصلوں کی وجہ سے وہ پوری دنیا کیلئے رول ماڈل بن گئے ہیں، حکومت محدود وسائل کے باوجود ملک کے غریب خاندانوں کو مالی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ معیشت کی بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دور اندیش لیڈر ہیں، وباء کی صورتحال میں انہوں نے عالمی برادری سے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف دینے کی اپیل کی تو بہت ساری سیاسی جماعتوں نے ان کا مذاق اڑایا لیکن ان کی اپیل پر بڑے بڑے عالمی اداروں نے غریب ممالک کے قرضے ری شیڈول کر دیئے ہیں جو کہ ان کی دور اندیشی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا میں ہنگامی صورتحال ہے اور لاک ڈائون کے باعث تمام ممالک کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، وزیر اعظم عمران خان اس مشکل وقت میں معیشت کی بحالی کیلئے دلیرانہ فیصلے کر رہے ہیں، انہوں نے تعمیراتی صنعت کو کھول کر ٹھوس اقدام اٹھایا ہے جس سے ملکی معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان تعمیراتی صنعت کو اوپر اٹھانے کیلئے پوری کوششیں کر رہے ہیں، موجودہ حکومت کے شرح سود میں کمی اور تعمیراتی صنعت میں ٹیکس چھوٹ جیسے اقدامات کی وجہ سے سرمایہ کاری کرنے کا سنہری موقع ہے، امید ہے کہ بڑے بڑے سرمایہ کار گوادر میں اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ چین اور پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور گوادر منصوبوں پر دوبارہ کام شروع ہو چکا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بلوچستان حکومت مہلک وباء کی روک تھام کیلئے پوری کوشش کر رہی ہے، لوگوں کو اپنے اپنے علاقوں تک محدود کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ ماسک پہنے بغیر لوگوں کے گھروں سے باہر نکلنے پر بھی پابندی لگائی گئی ہے، کوئٹہ شہر میں تھوڑی سی صورتحال سنگین ہے تاہم لوگوں کو باربار احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے مطلع کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے ذریعے مستحق لوگوں کو امداد دی جا رہی ہے، صوبے میں 50 ہزار خاندانوں کو امدادی رقم ملے گی جو کہ خوش آئند ہے اور لوگ انہیں دعائیں دے رہے ہیں۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ میں اپنے ذاتی وسائل سے ٹائیگر فورس کے ذریعے مستحق خاندانوں کی مالی معاونت کے ساتھ ساتھ ان میں راشن تقسیم کر رہا ہوں، کلیوں، غریب صحافیوں اور آرٹسٹوں کو بھی مالی معاونت کے ساتھ ساتھ راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آئندہ ایک دو روز میں وڈیو لنک کے ذریعہ ہو گا۔ ڈپی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایران سے بڑی تعداد میں زائرین واپس آنا چاہتے ہیں اسلئے تفتان بارڈر پر قرنطینہ سینٹر میں سہولیات میں اضافہ کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ افغانستان سے بھی جو لوگ واپس آنا چاہ رہے ہیں ان کیلئے چمن بارڈر پر قرنطینہ سینٹر بنانے کیلئے ریلوے کی 30 بوگیاں بھیجی جا رہی ہیں۔