وزیر اعظم محمد نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز ہفتہ کو چوتھی مرتبہ جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوئے

اسلام آباد ۔ 3 جون (اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز ہفتہ کو چوتھی مرتبہ جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوئے ۔ اس موقع پر جوڈیشل اکیڈمی کی طرف جانے والے راستے پرسیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے تھے ۔ حسین نواز کی آمد کے موقع مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا ۔ہفتہ کو حسین نواز فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں جے آئی ٹی کو اپنا بیان ریکارڑ کرانے کے لئے آئے تو مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا اس موقع پر حسین نواز گاڑی میں ہاتھ ہلا کرکارکنوں کے نعروں کا جواب دیتے رہے ۔اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی ،وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ،میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ عنصر عزیز ،ڈپٹی میئر سید زیشان شاہ ،میئر راولپنڈی سرادر نسیم ،ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب ،سابق ممبر قومی اسمبلی حنیف عباسی ،،سابق ممبر قومی اسمبلی حاجی پرویز ،سابق ایم پی اے ضیاءاللہ شاہ ،مسلم لیگ (ن)اسلام آباد سٹی کے جنرل سیکرٹری ساجد عباسی سمیت سینکٹروں کارکنان اس موقع پر موجود تھے۔