وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی اپنے جاپانی ہم منصب سے ملاقات

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جمعرات کو کمبوڈیا کے شہر نوم پنہ میں 29 ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر اپنے جاپانی ہم منصب ہیاشی یوشیما سے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جن میں گزشتہ 70 برسوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ سیاسی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر خارجہ ہیاشی یوشیما نے پاک جاپان تعلقات کو رفتار فراہم کرنے کے لئے ہر سطح پر دو طرفہ روابط بڑھانے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔