وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی سے بات چیت

APP90-06 ISLAMABAD: September 06 - United Nations High Commissioner for Refugees, Filippo Grandi called on Foreign Minister Makhdoom Shah Mahmood Qureshi at Foreign Office. APP photo by Irshad Sheikh

اسلام آباد ۔ 6ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کیلئے مسلسل بین الاقوامی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو ان سے دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق انڈر سیکرٹری جنرل برائے یو این آفس مارک لوکوک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات کے دوران عالمی مہاجرین بالخصوص افغان مہاجرین کی صورتحال اور اس سلسلہ میں پاکستان کی کوششوں کو زیر بحث لایا گیا۔ افغان مہاجرین کی با عزت وطن واپسی سے متعلق پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ مشترکہ ذمہ داریوں کے طویل المدتی اصولوں کی بنیاد پر افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کیلئے مسلسل بین الاقوامی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ ہائی کمشنر نے چار دہائیوں سے کھلے دل سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان کی تعریف کی۔ ہائی کمشنر نے وزیر خارجہ کو مہاجرین سے متعلق یو این ایچ سی آر کے کردار کے حوالہ سے بریف کیا۔ ترجمان کے مطابق سیکرٹری خارجہ اور ہائی کمشنر کے مابین وفود کی سطح پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اقوام متحدہ کے وفد کو افغانستان میں امن و استحکام، مصالحت اور ترقی کیلئے پاکستان کی کوششوں اور اقدامات سے متعلق بھی بریف کیا گیا۔