وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے اپوزیشن رہنماﺅں شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کو شکریے کے خطوط ارسال

اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کے مثبت رویے کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نہ صرف حکومتی بلکہ اپوزیشن جماعتوں نے جس طرح بالغ نظری کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔ منگل کو وزیر خارجہ نے ایف اے ٹی ایف اور کشمیر کے حوالے سے 6 اگست کو بلائے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن کی شرکت اور قانون سازی میں معاونت پر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو شکریے کے خطوط ارسال کئے۔ وزیر خارجہ نے اپنے خطوط میں کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نہ صرف حکومتی بلکہ اپوزیشن جماعتوں نے جس طرح بالغ نظری کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔ میں اپوزیشن کے مثبت رویے کی تعریف آن فلور آف دی ہاوس بھی کر چکا ہوں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں موجود حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ قومی مفادات کے تحفظ کیلئے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتیں ایک ہی موقف کی حامل ہیں وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں کیے گئے پانچ اگست 2019ءکے غیر آئینی اور یکطرفہ اقدامات کو بھی پارلیمنٹ کی تمام سیاسی جماعتوں نے مشترکہ قرارداد کے ذریعے متفقہ طور پر مسترد کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے گذشتہ ایک سال میں بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھایا۔ پچھلے ایک سال کے دوران، اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں تین دفعہ کشمیر کو زیر _بحث لایا گیا شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 55 سال کے بعد مسئلہ کشمیر پر سکیورٹی کونسل میں مباحثہ ہوا۔کشمیر سمیت اہم قومی معاملات پر ہم اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کے متمنی ہیں اور اپوزیشن کی جانب سے سامنے آنے والی قابل عمل تجاویز کو ہمیشہ اہمیت دیتے رہیں گے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کشمیر پالیسی کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے آپ کی جانب سے مثبت تجاویز کا منتظر رہوں گا۔