وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سےامریکہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری برائے بیورو آف انٹرنیشل نارکوٹکس اینڈ لاءانفورسمنٹ کی ملاقات

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سےامریکہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری برائے بیورو آف انٹرنیشل نارکوٹکس اینڈ لاءانفورسمنٹ، ٹاڈ ڈی رابنسن نے ملاقات کی جس میں پاکستان امریکہ دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اورامریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پراطمینان کااظہار کیا گیا ۔

دونو فریقوں نے پاکستان اورامریکہ کے درمیان تعلقات کے فروغ کیلئے وسیع البنیاد ڈائیلاگ کی ضرورت پر زوردیا۔منی لانڈرنگ، منشیات سمگلنگ روک تھام اور غیر قانونی انسانی سمگلنگ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وفد ہمراہ پاکستان میں حالیہ تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اورامریکی سفارت خانے کے دیگر حکام،وزارت داخلہ کےسپیشل سیکرٹری سیف انجم سمیت ایف آئی اے اور وزارت خارجہ کے حکام بھی موجود تھے۔اسسٹنٹ سیکرٹری ٹاڈ ڈی رابنسن نے کہا کہ پاکستان اورامریکہ کے درمیان وسیع البنیاد اور دیرنیہ تعلقات ہیں۔منی لانڈرنگ اور منشیات روک تھام کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اورامریکی منشیات روک تھام کے ادارے کے درمیان تعلقات کے 40 سال مکمل ہونے پر خوش ہیں۔منشیات کی روک تھام کیلئے پاکستان کی تکنیکی اور مالی مالی معاونت جاری رکھیں گے۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پاکستان نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے پارلیمنٹ میں متفقہ طور پر ضروری قانون سازی کی ہے، قانون سازی سے پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے امکان روشن ہوئے۔ پاکستان نے منی لانڈرنگ اور رقوم کی غیر قانونی نقل و حمل روکنے کیلئے مثالی کام کیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں اینٹی منی لانڈنگ ڈائریکٹوریٹ قائم کیا گیاہے۔

ایف آئی اے زونل کی سطح پر اینٹی منی لانڈرنگ تھانے قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے 34 ایکشن پلانزپرمکمل عملدآمد کیا۔ ان اقدامات سے پاکستان اکتوبر میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل جائیگا۔

غیر قانونی انسانی سمگلنگ روکنے میں ایف آئی اے نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز نے سمندر کے راستے منشیات سمگلنگ روکنے میں بہت کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آئی این ایل کے ساتھ شراکت داری سے منشیات روک تھام میں مزید بہتری آئے گی۔