وزیر داخلہ محسن نقوی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ، امیگریشن عمل کا جائزہ

وزیر داخلہ محسن نقوی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ، امیگریشن عمل کا جائزہ

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کا دورہ کیا اور امیگریشن کاؤنٹرز پر مسافروں کی کلیئرنس کے عمل کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ نے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں سے ملاقات کی اور امیگریشن کے عمل سمیت انہیں درپیش مشکلات اور تجربے کے بارے میں دریافت کیا۔

دورے کے دوران اچانک امیگریشن سسٹم میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی جس پر محسن نقوی نے فوری طور پر متعلقہ حکام سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور تکنیکی مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے ہدایت کی کہ سسٹم کے تعطل کی صورت میں متبادل انتظامات ہر وقت موجود ہونے چاہئیں، کسی بھی صورت امیگریشن کا عمل نہیں رکنا چاہیے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ایف آئی اے افسران کو جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نامکمل یا غیر تصدیق شدہ دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو کسی صورت سفر کی اجازت نہ دی جائے۔