اسلام آباد ۔ 13 دسمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ 10 بلین ٹری سونامی منصوبے پر ملک بھر میں عملدرآمد ہو گا، بنی گالہ میں 725 ایکڑ اراضی واگزار کرا لی گئی ہے جس پر ”زو بوٹینیکل گارڈن“ بنائیں گے، وزارت نے کفایت شعاری مہم پر عمل کرتے ہوئے تین ماہ میں تین کروڑ روپے کی بچت کی، 16 ہسپتالوں میں …
وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی پریس کانفرنس

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 13 دسمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ 10 بلین ٹری سونامی منصوبے پر ملک بھر میں عملدرآمد ہو گا، بنی گالہ میں 725 ایکڑ اراضی واگزار کرا لی گئی ہے جس پر ”زو بوٹینیکل گارڈن“ بنائیں گے، وزارت نے کفایت شعاری مہم پر عمل کرتے ہوئے تین ماہ میں تین کروڑ روپے کی بچت کی، 16 ہسپتالوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم بنایا گیا، سموگ پر کنٹرول کرنے کے لئے پنجاب حکومت اور بھٹہ مالکان کے شکرگزار ہیں، شاہراہوں کو سرسبز بنانے کے لئے ”اپنی شاہراہ“ منصوبہ متعارف کرا رہے ہیں، پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئے ”واٹرا“ اتھارٹی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ زرتاج گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو سرسبز بنانے کا جو خواب دیکھا ہے اس کو وزارت موسمیاتی تبدیلی پورا کرنے جا رہی ہے اور ملک بھر میں 10 ارب سے زائد پودے لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے تمام صوبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور صوبوں کی طرف سے پی سی ون وزارت کو موصول ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کفایت شعاری مہم پر بھی مکمل طور پر عمل پیرا ہیں اور وزارت نے تین ماہ کے قلیل عرصے میں تین کروڑ روپے کی بچت کی ہے اور ہم نے غیر ضروری ملکی اور غیر ملکی دوروں اور غیر ضروری اخراجات پر مکمل کنٹرول کیا ہوا ہے، وزارت کو نئی گاڑیوں کی ضرورت ہے مگر ہم کفایت شعاری مہم پر چلتے ہوئے نئی گاڑیاں نہیں خرید رہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکمرانوں نے بلا ضرورت اخراجات بڑھا کر ملکی قرضہ تین ہزار ارب روپے تک پہنچا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسی (ای پی اے) کے تعاون سے 16 ہسپتالوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم بنایا گیا ہے کیونکہ سب سے خطرناک فضلہ ہسپتالوں سے پھینکا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن اور آئی ٹین کے صنعتی علاقوں میں موجود کارخانوں کی ایئر میپنگ کی گئی ہے تاکہ وہاں فضائی آلودگی پر کنٹرول کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت سموگ پر بھی خصوصی اقدامات کر رہی ہے اس حوالے سے پنجاب حکومت اور بھٹہ مالکان کے مشکور ہیں، ان کے تعاون سے سموگ پر کسی حد تک قابو پایا جا رہا ہے، رواں سال پنجاب کے مختلف علاقوں میں سموگ 2 سے 3 دن ہوئی ہے جبکہ گزشتہ سال 25 سے 27 دن تک سموگ برقرار رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھٹہ سے نکلنے والے خطرناک دھوئیں پر قابو پانے کے لئے ہم نے پی آئی پی اے کے ساتھ مل کر زگ زیگ سسٹم لا رہے ہیں جس سے آلودگی پر کنٹرول کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیہاتی علاقوں میں عموماً کھیتوں کو فصل اٹھانے کے بعد جلایا جاتا ہے جس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والے کسانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ زرتاج گل نے مزید کہا کہ بنی گالہ سے وزارت کی 725 ایکڑ اراضی واگزار کرا لی گئی ہے جس پر ”زو بوٹینیکل گارڈن“ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ”اپنی شاہراہ“ کے نام سے ایک منصوبہ متعارف کرا رہے ہیں جس کے تحت موٹروے اور شاہراہوں کے اطراف پودے لگائے جائیں گے تاکہ آلودگی کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے وزارت مواصلات کے ساتھ ایم او یو سائن کرنے جا رہے ہیں اور اس منصوبے کو کامیاب کرنے کے لئے ہمیں سول سوسائٹی، انڈسٹری اور شہریوں کا تعاون برقرار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ”واٹرا“ کے نام پر ایک اتھارٹی قائم کرنے جا رہے ہیں جو ملک بھر میں پانی کو ریگولیٹ کرے گی اور اسے ضائع ہونے سے بچائے گی۔








