وزیر مملکت رانا محمد افضل خان کی زیر صدارت پاک سعودیہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے 11 ویں سیشن کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

APP73-08 ISLAMABAD: January 08 – Minister of State for Finance & Economic Affairs, Rana Mohammad Afzal chairing a meeting at Economic Affairs Division to review preparations for upcoming Pak-Saudi JMC meeting in Islamabad. APP

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے 11 ویں سیشن کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس وزیر مملکت برائے خزانہ و اقتصادی امور رانا محمد افضل خان کی زیر صدارت ہوا۔ پاک۔سعودیہ مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس جنوری کے تیسرے ہفتے اسلام آباد میں ہو گا جس میں دونوں طرف سے ماہرین تجارت، توانائی، تعلیم کے علاوہ دونوں ممالک میں افرادی قوت کی برآمد و درآمد پر غور ہو گا۔ وزیر مملکت نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے مجوزہ اجلاس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس فورم سے سعودی عرب سے کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنے کے سلسلہ میں بھرپور طریقہ سے استفادہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ہمیں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے کا موقع بھی ملے گا۔ اجلاس میں وزارت خزانہ اور وزارت تجارت سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔