اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ 14 اگست 1947ءہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے جب پاکستان ایک آزاد اسلامی مملکت کی صورت میں دنیا کے نقشے پر ابھرا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بھرپور عزم کے ساتھ کوشاں ہیں تاکہ آزادی کے وہ اغراض و …
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فرازکا غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں اور جشن آزادی کے سلسلے میں کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ 14 اگست 1947ءہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے جب پاکستان ایک آزاد اسلامی مملکت کی صورت میں دنیا کے نقشے پر ابھرا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بھرپور عزم کے ساتھ کوشاں ہیں تاکہ آزادی کے وہ اغراض و مقاصد حاصل کر سکیں جس کا ہمارے اکابرین نے خواب دیکھا تھا، اس دن کو مناتے ہوئے پوری قوم بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی محاصرے، لاک ڈاﺅن اور ظلم و بربریت کا نشانہ بن کر زندگی گزارنے والے کشمیری بہن بھائیوں کی مشکلات پر بھی افسردہ ہے، غیر ملکی میڈیا اور میڈیا کے ذریعے اقوام عالم پر زور دیتا ہوں کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے زیر اہتمام غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ایک نشست اور جشن آزادی کے سلسلے میں کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سب سے پہلے میں اپنے یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاءکا خیرمقدم کرتا ہوں۔ پاکستان 14 اگست 1947ءکو جب دنیا کے نقشے پر ابھرا، وہ 20 ویں صدی کا ایک اہم ترین دن تھا، پاکستان کا قیام قائداعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت اور جدوجہد سے ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940ءکو قرارداد پاکستان منظور ہوئی جس کے نتیجہ میں سات سال کے عرصے میں اسلامی جمہوریہ پاکستان وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور عزم کے ساتھ کوششیں کر رہے ہیں، یہ وہ عمل ہے جس کے ذریعے ہم ملک کو مکمل درست راہ پر گامزن کرنے اور حکمرانی کا ایسا نظام دینے جا رہے ہیں جس سے آزادی کے وہ اغراض و مقاصد حاصل ہو سکیں جس کا ہمارے اکابرین نے خواب دیکھا اور صمیم قلب اور قوم کے تعاون کے ساتھ جدوجہد کی اور صرف 7 سال کے عرصہ میں برصغیر کے مسلمانوں کے لئے آزاد ملک حاصل کر کے اس خواب کو تعبیر دی۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ یوم آزادی منانا کسی بھی قوم کے لئے خصوصی اہمیت رکھتا ہے، یہ دن ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے ماضی پر نظر دوڑائیں اور مکمل عزم کے ساتھ اپنے اکابرین کے مقاصد کو عملی جامہ پہنانے کا تجدید عہد کریں، ہمیں اس موقع پر اپنے ان بھائیوں، بہنوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرنا چاہیے جنہوں نے آزادی کے حصول کے لئے قربانیاں دیں اور قیمتی جانیں قربان کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر بھی باعث اطمینان ہے کہ مختلف مراحل اور حالات و واقعات سے گزرتے ہوئے پاکستان اپنی آزادی کے مقاصد کی تکمیل اور جمہوری استحکام کی شاہراہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت بھرپور اور موثر انداز میں قومی معیشت کو میکرو اور مائیکرو سطح پر مستحکم بنانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے تاکہ انتہائی پائیدار اور تیز تر اقتصادی ترقی کا حصول ممکن ہو سکے۔ حکومت معاشی استحکام کےلئے مالی، مالیاتی اور شرح مبادلہ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے قومی سطح پر مناسب فیصلہ سازی کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پائیدار اور تیز تر اقتصادی ترقی کے لئے قلیل المدت اور طویل المدت اقدامات اٹھائے گئے تاکہ معیشت کو بلند ترین شرح نمو پر لے جانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہوا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ میں آج کے دن حکومت کی کامیابیاں تو نہیں گنوانا چاہتا تھا لیکن میں خاص طور پر بتانا چاہتا ہوں کہ کس طرح ہمارے کوویڈ۔19 کے حوالے سے اقدامات کئے جودنیا کے مقابلہ میں بہترین تھے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی مدد اور سخت محنت سے ہم بروقت فیصلوں، سمارٹ لاک ڈاﺅن کی حکمت عملی، ایس او پیز پر عملدرآمد اور ٹیسٹ و قرنطینہ کی حکمت عملی کے ذریعے وباءکو پھیلنے سے روکنے میں کامیاب ہوئے، ہم نے صحت کے شعبہ کی استعداد کار کو بڑھایا ، صورتحال پر گہری نظر رکھی اور قومی سطح پر مناسب فیصلے کئے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے منتخب صدر وولکان بوزکیز کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کہنا ہے کہ ” پاکستان کی کرونا وباءسے متعلق پالیسیاں دنیا کے لئے اچھی مثال ہیں، اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان نے دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ میں ان اقدامات کو خود دیکھ رہا ہوں“۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میں اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستانی قوم یوم آزادی مناتے ہوئے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی تکالیف پر بھی رنجیدہ ہے جو بھارتی قابض افواج کے غیر قانونی محاصرے، مکمل لاک ڈاﺅن اور بربریت کا سامنا کرتے ہوئے غیر انسانی صورتحال میں زندگی گزار رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میں میڈیا پر زور دیتا ہوں اور میڈیا کے ذریعے عالمی برادری پر زور دیتا ہوں کہ صحیح معنوں میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں۔ آخر میں وفاقی وزیر نے ملک اور بیرون ملک مقیم پوری پاکستانی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی اور اس پُرمسرت تقریب میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نے کہا کہ آج ہم پاکستان کا 73واں یوم آزادی منانے کے لئے یہاں جمع ہوئے ہیں۔ 14 اگست 1947ءوہ دن ہے جب پاکستان قوم کی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجہ میں آزاد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم جہاں بھی مقیم ہوں بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ یہ دن منائےں، ہمارے آباﺅ اجداد کی قربانیوں کی وجہ سے 1947ءمیں یہ ملک معرض وجود میں آیا، پھر بحیثیت قوم ہم نے مشکل حالات کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور آج ہم ترقی کی شاہراہ پرگامزن ہیں۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ اپنی تاریخ کو یاد کرتے ہوئے تذکرہ کرنا چاہتا ہوں کہ ابتداءمیں ہمیں محدود وسائل اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مشکل حالات میں ہمارے قائد محمد علی جناحؒ نے اپنے 11 اکتوبر 1947ءکے خطاب میں کہا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم سخت محنت کے ذریعے اپنی مشکلات پر پابو پا لیں گے۔ اپنے اسی خطاب میں انہوں نے عوام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ خدا نے ہمیں ایک عظیم موقع دیا ہے کہ ہم خود کو ایک نئی ریاست کے معمار ثابت کر سکیں اور یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم اپنے مقصد کے حصول میں کامیاب نہ ہوں لہذا آزادی کے 73 سال بعد یہاں کھڑے ہوئے آج میں یہ فخر سے کہتا ہوں کہ ہمارا ملک نہ صرف قائم و دائم ہے بلکہ ہم نے مختلف شعبوں میں کئی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں جشن آزادی کی تقریبات سے بھرپور طور پر لطف اندوز ہوں ۔ اس دن جشن آزادی کی مختلف تقریبات، عمارتوں پر چراغاں، قومی پرچموں کی بہار ہوگی ، آپ دنیا کے سامنے پاکستان کا حقیقی چہرہ اجاگر کرنے میں ہماری مدد کریں۔ اختتام پر وفاقی وزیر کے ہمراہ انہوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی طور پر تیار کیا گیا کیک بھی کاٹا۔








