وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کاگکھڑ منڈی میں عوامی اجتماع سے خطاب

گوجرانوالہ۔2 فروری(اے پی پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ گزشتہ 10سالوں میں پاکستان کے بیرونی قرضہ میں 84فیصد اضافہ ہوا، ملکی معیشت کو کھوکھلا اور خزانے کو بے دریغ لوٹا گیا، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کرپٹ مافیا پہلے بھی ایک تھے اب بھی ایک ہیں،قرضہ کی شکل میں پاکستان آنے والے اربوں روپے یہاں خرچ ہونے کی بجائے دیگر ممالک سے بر …

گوجرانوالہ۔2 فروری(اے پی پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ گزشتہ 10سالوں میں پاکستان کے بیرونی قرضہ میں 84فیصد اضافہ ہوا، ملکی معیشت کو کھوکھلا اور خزانے کو بے دریغ لوٹا گیا، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کرپٹ مافیا پہلے بھی ایک تھے اب بھی ایک ہیں،قرضہ کی شکل میں پاکستان آنے والے اربوں روپے یہاں خرچ ہونے کی بجائے دیگر ممالک سے بر آمد ہو رہے ہیں،لاڑکانہ کیلئے 90 ارب روپے کا پیکیج دیا گیا لیکن یہ پیسے دوبئی سے برآمد ہو رہے ہیں’ کراچی کا پیسہ دبئی سے’ پنجاب کا پیسہ لاہور سے اور لاہور کا پیسہ لندن کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کی صورت میں نکلتا ہے’ ملکی خزانے کو لوٹنے والوں سے حساب مانگنے پر جمہوریت خطرے میں پڑجاتی ہے،حاجیوں کو سبسڈی دینے کا کہنے والے بتائیں انہوں نے عوام کے لئے چھوڑا ہی کیا ہے جس سے سبسڈی دی جائے،وہ گکھڑ منڈی میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے،اس موقع پرپی پی 53 سے نامزد امیدوار جمال ناصر چیمہ سمیت پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی، چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایک تسلسل کا علم بردار ہے’ جس نے 22سال جدوجہد کی جس کے نتیجے پاکستان میں مڈل کلاس کے ذریعہ انقلاب آیا ‘یہ وہ انقلاب ہے جس کے ذریعے تحریک انصاف پاکستان میں حکومت کر رہی ہے ‘انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے پہلے پاکستان کے مشرق وسطی کے ساتھ تعلقات کی نوعیت کیا تھی’ وزیر اعظم مشرق وسطیٰ کے تنازعات کو حل کروانے کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں ‘انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان میں بات کریں تو امریکہ’ قطر’ یو اے ای’ سعودی عرب تک گھن گرج سنائی دیتی ہے انہوں نے کہا کہ ‘ پاکستان یمن اور سعودی عرب کے درمیان تنا زعات کے حل کے لیے بھی کردار ادا کر رہا ہے ‘عمران خان نے 6ماہ کے مختصر عرصہ میں پاکستان کو ایک موثر طاقت بنا کر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے ‘انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے حوالے خستہ حال معیشت کی گئی’ پاکستان کے بیرونی قرضہ میں گزشتہ 10 سالوں میں 84فیصد اضافہ ہوا’ انہوں نے کہا کہ ملک کو بے دریغ لوٹا گیا’ اب ان سے حساب مانگتے ہیں تو کہتے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے’ پی پی پی اور ن لیگ شروع سے ایک تھے اور اب بھی ایک ہیں’ دوسرے لفظوں میں کرپٹ مافیا پہلے بھی اکٹھے تھے اب بھی اکٹھا ہے’ قرضہ کی شکل میں جو اربوں روپے ملک میں آئے’ وہ گکھڑ منڈی جیسے پاکستانی علاقوں پر خرچ ہونا تھے لیکن یہ پیسے دوسرے ملکوں سے برآمد ہو رہے ہیں’ یہ بتائیں ان کا کون ذمہ دار ہے’ لاڑکانہ کیلئے 90 ارب روپے کا پیکیج دیا گیا اور یہ پیسے دبئی سے برآمد ہو رہے ہیں’ کراچی کا پیسہ دبئی سے’ پنجاب کا پیسہ لاہور سے اور لاہور کا پیسہ لندن کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کی صورت میں نکلتا ہے’ دونوں جماعتوں نے پاکستان کو مذاق بنا رکھا تھا’ انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیر اعظم ہاؤس میں نہیں بنی گالامیں رہ رہے ہیں اور بنی گالا کا تمام خرچہ اپنی جیب سے کر رہے ہیں’ موجودہ حکومت کے وزیر سابقہ حکومت کے وزیروں کی طرح عیاشیاں نہیں کر رہے’ انہوں نے کہا کہ ایک ایک پیسہ پاکستان کے عوام کی امانت ہے ‘نواز شریف کو ملک کے ہسپتال پسند نہیں آرہے’ دونوں بھائیوں نے 30سال ملک پر حکومت کی’ یہ لوگ کیا کرتے رہے ‘ان لوگوں کو تو جیل بھی اس طرح کی ملی ہے کہ آدھے پاکستانیوں کی خواہش ہے کہ ہمیں بھی اس طرح کی جیل میں ڈال دو’ ان لوگوں کی کوشش ہے کہ سارا ریمانڈ منسٹر انکلیو میں گزاریں ‘نواز شریف چار دن گرفتار ہوتے ہیں تو ان کو دل کا عارضہ لاحق ہو جاتا ہے’ یہاں امیر کے لیے قانون اور غریب کے لیے اور ہے ‘ جب تک ملک میں قانون کی یکساں عملداری نہیں ہو گی تو ملک میںترقی نہیں ہو گی’ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ہارنے والے ممبران خود کو کمزور نہ سمجھیں’ وہ خود کوحکومت اور اسمبلیوں میں سمجھیں’ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ گکھڑ منڈی میں ٹراما سنٹر کے قیام کیلئے کوشش کریں گے۔