وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام گلگت پہنچ گئے، حکومت سازی کے لیے اہم سیاسی مشاورت کا آغاز

وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ گلگت بلتستان اسمبلی کے حالیہ عام انتخابات کے بعد کی سیاسی صورتحال پر اہم مشاورت کریں گے۔

استور ۔10 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ گلگت بلتستان اسمبلی کے حالیہ عام انتخابات کے بعد کی سیاسی صورتحال پر اہم مشاورت کریں گے۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اپنے دورے کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب امیدواروں، پارٹی عہدیداروں اور دیگر سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں انتخابات کے نتائج، آزاد امیدواروں کی ممکنہ حمایت، حکومت سازی کے امکانات اور آئندہ سیاسی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

امیر مقام مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پوزیشن کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ آزاد منتخب ہونے والے ارکان سے رابطوں اور ممکنہ اتحاد کے حوالے سے بھی مشاورت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے تمام ممکنہ آپشنز پر غور کر رہی ہے، جبکہ اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے یا حکومتی اتحاد تشکیل دینے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق وفاقی وزیر کا یہ دورہ گلگت بلتستان کی آئندہ سیاسی سمت کے تعین میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، کیونکہ انتخابات کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان جوڑ توڑ اور مشاورت کا عمل تیزی سے جاری ہے۔دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر امیر مقام پارٹی رہنماؤں کے ساتھ مشاورتی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، جس میں گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے حوالے سے آئندہ لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔