وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے اقوام متحدہ کے ڈپٹی سپیشل ریپریزنٹیٹو اندریکا رتواتے کی سربراہی میں وفد کی ملاقات، مہاجرین اور علاقائی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے اقوام متحدہ کے ڈپٹی سپیشل ریپریزنٹیٹو برائے سیکرٹری جنرل اندریکا رتواتے کی سربراہی میں وفد نے جمعرات کو وزارت میں ملاقات کی جس میں مہاجرین اور علاقائی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے مہاجرین کی میزبانی میں …

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے اقوام متحدہ کے ڈپٹی سپیشل ریپریزنٹیٹو برائے سیکرٹری جنرل اندریکا رتواتے کی سربراہی میں وفد نے جمعرات کو وزارت میں ملاقات کی جس میں مہاجرین اور علاقائی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کے طویل کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے چار دہائیوں سے زائد عرصے تک افغان مہاجرین کی فراخدلی سے میزبانی کی ہے جو معاشی اور سکیورٹی چیلنجز کے باوجود اس کے انسانی ہمدردی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان بین الاقوامی اصولوں اور دوطرفہ مفاہمت کے مطابق مہاجرین کی محفوظ، باوقار، منظم اور رضاکارانہ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان موثر واپسی کے انتظام کے لیے مضبوط سرحد پار رابطہ کاری اور درست اعداد و شمار کے تبادلے کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔مسلسل تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اقوام متحدہ کے ساتھ تکنیکی سطح پر روابط بڑھانے اور مہاجرین کی واپسی کے نظام اور طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اظہار کیا۔

اندریکا رتواتے نے مہاجرین کے حوالے سے پاکستان کی دہائیوں پر محیط مہمان نوازی کو سراہا اور مہاجرین اور میزبان کمیونٹیز کی معاونت کے لیے پاکستان اور اقوام متحدہ کے اداروں کے درمیان جاری تعاون پر گفتگو کی۔اس موقع پر سیکریٹری سیفران، امور کشمیر و گلگت بلتستان ظفر حسن، پاکستان میں یو این ایچ سی آر کی نمائندہ فلیپا کینڈلر اور چیف کمشنر برائے مہاجرین عصمت اللہ شاہ بھی موجود تھے۔گفتگو کا اختتام اس عزم کے اعادے پر ہوا کہ مہاجرین سے متعلق چیلنجز سے مربوط اور انسانی بنیادوں پر نمٹنے کے لیے مسلسل مکالمے اور تعاون جاری رکھیں گے۔