وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان کی ملاقات، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فیری سروس اور براہ راست شپنگ لائن کے قیام پر غور

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان بحری تعاون کے فروغ، فیری سروس کے آغاز اور براہ راست شپنگ لائن کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فیری سروس شروع کرنے کی …

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان بحری تعاون کے فروغ، فیری سروس کے آغاز اور براہ راست شپنگ لائن کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فیری سروس شروع کرنے کی تجویز زیر غور آئی جس کا مقصد عوامی روابط کو مضبوط بنانا اور سیاحت و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ فیری سروس کے آغاز سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط میں اضافہ ہوگا اور سیاحت کے شعبے کو نمایاں تقویت ملے گی۔فریقین نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست شپنگ لائن کے قیام کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ براہِ راست شپنگ لائن سے دوطرفہ تجارت کو نئی جہت ملے گی، لاجسٹکس کے اخراجات میں کمی آئے گی اور کاروباری برادری کو سہولت فراہم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں بحری روابط کے فروغ سے معاشی استحکام کو تقویت ملے گی اور علاقائی تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے گا۔

دونوں ممالک نے بحری تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تاریخی تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں بدلنا وقت کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں مشترکہ اقدامات دونوں ممالک کے مفاد میں ہوں گے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔