وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے نیو یارک چیمبر آف سمال بزنس کارپوریشن، امریکہ اور ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مشترکہ وفد کی ملاقات
وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے نیو یارک چیمبر آف سمال بزنس کارپوریشن، امریکہ اور ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مشترکہ وفد کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے نیو یارک چیمبر آف سمال بزنس کارپوریشن، امریکہ اور ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مشترکہ وفد نے ملاقات کی۔ پیر کو وزارت سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفد کی قیادت بشپ ابراہام نذیر ڈینیئل اور بانی نیو یارک چیمبر آف سمال بزنس کارپوریشن علمدار حسین شاہ نے کی جبکہ وفد میں صحافت، قانون، تعلیم، فارمیسی، کاروبار اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کے علاوہ نیو یارک، متحدہ عرب امارات اور قطر سے وابستہ مختلف چیپٹرز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔وفاقی وزیر نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق ملک میں ایک مؤثر اور جامع سماجی تحفظ کا نظام مضبوط بنا رہی ہے۔
سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ حکومت 10.2 ملین مستحق خاندانوں سے آگے بڑھتے ہوئے بی آئی ایس پی کا دائرہ مزید وسیع کر رہی ہے جبکہ رواں مالی سال اس پروگرام کے لئے 838 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف مالی امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ لوگوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، اس مقصد کے لئے 165 ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر سکھائے جائیں گے اور مختلف اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کے ذریعے نوجوانوں اور خواتین کو روزگار کے قابل بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ خواتین قومی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کے تعاون سے انتہائی غریب خاندانوں کو بلاسود قرضوں اور پائیدار روزگار کے ذریعے غربت سے نکالنے کے لئے پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ پروگرام کے تحت بلوچستان کے 12 اضلاع، سندھ کے 5 اضلاع اور خیبر پختونخوا کے 3 اضلاع کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں تقریباً 2 کروڑ 80 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔حکومت تعلیمی وظائف اور سکولز فار ری ہیبلیٹیشن آف چائلڈ لیبر سمیت مختلف پروگراموں کے ذریعے بچوں کو تعلیم کی طرف واپس لا رہی ہے جبکہ تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت ایک کروڑ 28 لاکھ بچوں کو تعلیمی نظام میں شامل کیا جا چکا ہے۔
وفد نے حکومت پاکستان کی غربت کے خاتمے، سماجی تحفظ اور فلاحی اقدامات کو سراہا اور مختلف بین الاقوامی چیپٹرز کی جانب سے وفاقی وزیر کو یادگاری تحائف پیش کئے۔ایڈیشنل سیکرٹری سمیرا سماد نے وزارت کے قیام، مقاصد اور کارکردگی پر وفد کو بریفنگ دی۔ انہوں نے وزارت کے ماتحت اداروں جن میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ، پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ، پاکستان بیت المال اور ٹرسٹ فار وولنٹری آرگنائزیشنز کی خدمات سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔ملاقات میں دونوں جانب سے ہنر مندی کے فروغ، خواتین کے معاشی استحکام، کاروباری روابط، سرمایہ کاری، نجی شعبے کے اشتراک اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔








