اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے نیشنل لائبریری آف پاکستان میں “یوکرینین بُکس شیلف” کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور یوکرین کے درمیان پائیدار دوستی اور ثقافتی تعاون کی علامت ہے۔تقریب میں یوکرین کے سفیر مارکیان چوچک، سفارتی برادری کے اراکین، اعلیٰ سرکاری حکام، محققین اور دانشوروں نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر ثقافت …
وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے نیشنل لائبریری میں “یوکرینین بُکس شیلف” کا افتتاح کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے نیشنل لائبریری آف پاکستان میں “یوکرینین بُکس شیلف” کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور یوکرین کے درمیان پائیدار دوستی اور ثقافتی تعاون کی علامت ہے۔تقریب میں یوکرین کے سفیر مارکیان چوچک، سفارتی برادری کے اراکین، اعلیٰ سرکاری حکام، محققین اور دانشوروں نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر ثقافت نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان علم، ثقافت اور دوستی کے باہمی عقیدے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستان اور یوکرین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ ہے اور دونوں ممالک نے تعلیم، ثقافت، تجارت اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں باہمی احترام اور نیک نیتی پر مبنی تعلقات کو فروغ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین دنیا کی برادری میں ایک قابلِ احترام ملک ہے جس کی تاریخ شاندار، ثقافت تابناک اور عوام باہمت ہیں۔ یوکرین نے عالمی ادب، سائنس، فنون اور امن کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ وزیر ثقافت نے کہا کہ یوکرینین بُکس شیلف پاکستانی طلبہ، محققین اور قارئین کو یوکرینی ادب و علم کی دولت سے روشناس کرائے گا اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلق کو مزید مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے یوکرین کے سفیر مارکیان چوچک اور ان کے سفارتخانے کی اس ثقافتی کاوش میں تعاون اور فراخ دلی کو سراہا جبکہ نیشنل لائبریری آف پاکستان کی پیشہ ورانہ خدمات اور عزم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت قومی ورثہ و ثقافت علم اور ثقافتی تبادلے کے ذریعے عالمی روابط کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے، کتب خانے صرف کتابوں کے ذخیرے نہیں بلکہ تہذیبوں کے درمیان پل اور مکالمے، رواداری و امن کے دروازے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’’یوکرینین بُکس شیلف‘‘پاکستان اور یوکرین کی دوستی کی یادگار ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ اقوام اُس وقت قریب آتی ہیں جب وہ علم، فن اور فہم کو بانٹتی ہیں۔ یوکرین کے سفیر مارکیان چوچک نے حکومتِ پاکستان، وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت اور نیشنل لائبریری کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان ادبی و ثقافتی روابط کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ یوکرین کی خاتونِ اول، اولینا زیلینسکا کی سرپرستی میں دنیا کے 59 ممالک میں قائم کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ’’یوکرینین بُکس شیلف‘‘ کا قیام نہ صرف ادبی تبادلے کی علامت ہے بلکہ یہ پاکستان اور یوکرین کے تین دہائیوں پر محیط دوستانہ تعلقات کی یاد تازہ کرتا ہے جو 1992ء میں باہمی احترام و تعاون کی بنیاد پر قائم ہوئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ شیلف محض کتابوں کا مجموعہ نہیں بلکہ استقامت، تخلیقی صلاحیت اور امید کی علامت ہے جو دونوں ممالک کے عوام کو ثقافت اور علم کے ذریعے جوڑتی ہے۔ بعد ازاں یوکرین کے سفیر مارکیان چوچک اور وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے نیشنل لائبریری آف پاکستان کے احاطے میں دوستی اور بڑھتے ہوئے ثقافتی تعاون کی علامت کے طور پر ایک پودا لگایا۔








