وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے جمعرات کو جاپانی وزارت خارجہ کے حکام نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈائریکٹر برائے ساؤتھ ویسٹ ایشیا ڈویژن ماساکاتسو موروٹانی اور سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر ایاکو شیمیزو شریک تھے۔
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور سے جاپانی وزارت خارجہ کے حکام کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے جمعرات کو جاپانی وزارت خارجہ کے حکام نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈائریکٹر برائے ساؤتھ ویسٹ ایشیا ڈویژن ماساکاتسو موروٹانی اور سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر ایاکو شیمیزو شریک تھے۔ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے وزارت پارلیمانی امور آمد پر جاپانی حکام کا خیرمقدم کیا۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں اور ان کو مزید وسعت دینے کے لئے جاپانی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ جاپانی حکام نے وفاقی وزیر کے ریمارکس کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہر شعبے میں تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور اس میں مزید بہتری کے لئے مشترکہ طور پر آگے بڑھیں گے۔ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کو ختم کرنے کے لئے مذاکرات کی کاوشوں کی مکمل حمایت کررہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے اس حوالے سے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا اور ایران کی رضامندی سے پاکستان بامعنی اور نتیجہ خیز بات چیت کی میزبانی کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے تاکہ موجودہ تنازعہ کا جامع حل نکالا جاسکے، یہ اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان اس جنگ کو رکوانے کے لئے رضاکارانہ طور پر اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ جاپانی حکام کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کیلئے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے، جاپان بھی اس جنگ کو جلد ختم کرانے میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ موجودہ معاشی صورتحال سے جلد نجات ملے۔








