وفاقی وزیر خالد حسین مگسی سے ترکیہ کے نائب وزیر صنعت و ٹیکنالوجی محمد کاظم گونولو کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی سے ترکیہ کے نائب وزیر صنعت و ٹیکنالوجی محمد کاظم گونولو کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بدھ کے روز ملاقات کی جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں جاری تعاون اور مستقبل کے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری برائے سائنس …

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی سے ترکیہ کے نائب وزیر صنعت و ٹیکنالوجی محمد کاظم گونولو کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بدھ کے روز ملاقات کی جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں جاری تعاون اور مستقبل کے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر شاہد بلوچ بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سائنسی و تکنیکی تعاون وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق مسلسل فروغ پا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے مابین شراکت داری تحقیق، جدت اور صنعتی ترقی کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔

وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر شاہد بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اب تک 33 اعلیٰ معیار کے مشترکہ منصوبوں کو فنڈ فراہم کیا جا چکا ہے جو قومی معیار (سٹینڈرڈائزیشن) اور پیمائش (میٹرولوجی) کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف پاکستان کی تحقیقی صلاحیت میں اضافہ کر رہے ہیں بلکہ عالمی شراکت داری کو بھی مستحکم بنا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر خالد مگسی نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مربوط اور موثر اقدامات نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک قابل اعتماد پارٹنر کے طور پر متعارف کرایا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سائنسی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ علم کی منتقلی، مہارتوں کے تبادلے اور جدید تحقیق کو فروغ دیا جا سکے۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مطابق مشترکہ منصوبے تحقیقاتی صلاحیت میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کو ممکن بنا رہے ہیں جس سے صنعتی و معاشی ترقی میں مدد مل رہی ہے۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تعاون کے عمل کو تیز کرتے ہوئے نئے مشترکہ اقدامات شروع کیے جائیں گے۔

دونوں فریقین نے تجارت کے شعبے میں مسابقت بڑھانے، معیاری ڈھانچے کو ہم آہنگ کرنے اور باہمی سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور مستقبل میں اعلیٰ سطحی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔