ننکانہ صاحب ۔ 5 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب میں افسوسناک واقعہ ملکی سالمیت اوربھائی چارے کے دشمنوں کی گھناؤنی سازش ہے، واقعہ کے تمام کرداروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، عالمی میڈیا میں واقعہ کو توڑ موڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ وہ اتوار کو صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید اور پارلیمانی سیکرٹری سردار مہندر پال سنگھ کے …
وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی گوردوارہ جنم استھان میں میڈیا سے گفتگو

مزید خبریں
ننکانہ صاحب ۔ 5 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب میں افسوسناک واقعہ ملکی سالمیت اوربھائی چارے کے دشمنوں کی گھناؤنی سازش ہے، واقعہ کے تمام کرداروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، عالمی میڈیا میں واقعہ کو توڑ موڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ وہ اتوار کو صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید اور پارلیمانی سیکرٹری سردار مہندر پال سنگھ کے ہمراہ گوردوارہ جنم استھان میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر سکھ کمیونٹی کے رہنماء بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ سکھ کمیونٹی کی خوشیوں میں شریک ہونا خوش قسمتی ہے ، آج کا دن سکھ کمیونٹی کے لئے خوشیوں کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر یہاں آیا ہوں ، ننکانہ صاحب بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے ، یہاں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا اور ملکی سالمیت اور بھائی چارے کے دشمنوں کی گھناؤنی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور ہماری ہمدردیاں سکھ کمیونٹی کے ساتھ ہیں ۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا میں واقعہ کو توڑ موڑ کر پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کا مقدمہ درج ہو چکا ہے،حکومت واقعہ کے تمام کرداروں کو کیفرکردار تک پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ریاستی ادارے ملکی امن خراب کرنا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے کہا کہ وا قعہ پر وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داران کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے ۔ پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امورو انسانی حقوق نے کہا کہ اظہار یکجہتی پر حکومت پاکستان اور پنجاب حکومت کے مشکور ہیں،پاکستان میں تمام اقلیتوں کومکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔








