وفاقی وزیر داخلہ لکی مروت میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

"وفاقی وزیر داخلہ نے لکی مروت میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہا۔”

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں عزمِ استحکام وژن کے تحت مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران متعدد خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لکی مروت میں دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور خوارجیوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا۔ پوری قوم خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کی لعنت کے خلاف یکسو ہے اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔