وفاقی وزیر داخلہ کا کوسٹ گارڈز ہیڈ کوارٹر کا دورہ،کراچی سے عراق تک زائرین کے لیے فیری سروس کی فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کوسٹ گارڈز کے ہیڈ کوارٹر کراچی کا دورہ کیا ۔ ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر پاکستان کوسٹ گارڈز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل جواد ریاض نے وفاقی وزیر کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

کراچی۔14اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کوسٹ گارڈز کے ہیڈ کوارٹر کراچی کا دورہ کیا ۔ ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر پاکستان کوسٹ گارڈز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل جواد ریاض نے وفاقی وزیر کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز کے شہداء نے کوسٹل ایریاز کی حفاظت کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں وفاقی وزیر کو پاکستان کوسٹ گارڈز کی پیشہ وارانہ تربیت، آپریشنل تیاریوں اور پسنی سیف سٹی پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی نے کوسٹ گارڈز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران فورس نے بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 14000 کلو گرام منشیات ضبط کی گئی جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 8 ارب روپے سے زائد ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے انسداد منشیات اور انسداد سمگلنگ کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھنے کی سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سمگلنگ مافیا کی سرکوبی کے لیے تمام تر توانائیاں صرف کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز زمین اور سمندر میں بیک وقت اپنے فرائض سرانجام دینے والی ایک اہم فورس ہے جس کا نہ صرف زمانہ امن بلکہ کسی بھی مشکل اور جنگی صورت حال میں کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کوسٹ گارڈز کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن مدد اور درکار وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ایک اہم فیصلے میں وفاقی وزیر داخلہ نے کراچی سے عراق تک فیری (کشتی) سروس چلانے کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فیری سروس شروع ہونے سے زائرین کو عراق جانے میں بہت بڑی سہولت میسر آئے گی۔اجلاس کے اختتام پر پاکستان کوسٹ گارڈز کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔