کانگو میں ایبولا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز 4200 سے متجاوز، 1916 افراد ہلاک

کانگو میں ایبولا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز 4200 سے تجاوز کر گئے جن میں سے 1916 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں

کنشاسا۔11اگست (اے پی پی):کانگو میں ایبولا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز 4200 سے تجاوز کر گئے جن میں سے 1916 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں ۔ سی جی ٹی این نے کانگو کی وزارتِ صحت کےحوالہ سے بتایا ہے کہ ملک میں ایبولا کی موجودہ وبا کے دوران تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4209 ہو گئی ہے، جن میں سے 1916 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔ اس طرح اموات کی شرح 45.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق جمہوریہ کانگو میں جاری بنڈی بگیو ایبولا وبا کا پھیلاؤ سرکاری سطح پر اعلان سے کہیں پہلے شروع ہو چکا تھا۔ جینیاتی تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ وائرس رواں سال فروری کے اوائل میں ہی مقامی سطح پر خاموشی سے پھیلنا شروع ہو گیا تھا جبکہ حکومت نے باضابطہ طور پر 15 مئی کو وبا کا اعلان کیا تھا۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور وبا پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی اور نگرانی کے اقدامات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ اس وقت وبا سے متاثرہ علاقوں میں گھر گھر جا کر ممکنہ پوشیدہ کیسز کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے۔ سرکاری اندازے کے مطابق جیسے جیسے جانچ کا دائرہ وسیع ہوگا، آئندہ چند ہفتوں کے دوران وبا کی صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔