اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سےکامسٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے نئے ریکٹر ڈاکٹر راحیل قمر نے ملاقات کی۔جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے ڈاکٹر راحیل قمر کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ رانا تنویر حسین نے اس موقع پر کہا کہ انہیں امید ہے ڈاکٹر راحیل …
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سےکامسٹس یونیورسٹی کے نئے ریکٹر ڈاکٹر راحیل قمر کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سےکامسٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے نئے ریکٹر ڈاکٹر راحیل قمر نے ملاقات کی۔جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے ڈاکٹر راحیل قمر کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
رانا تنویر حسین نے اس موقع پر کہا کہ انہیں امید ہے ڈاکٹر راحیل قمر اپنی قیادت میں کامسٹس یونیورسٹی کو عالمی معیار کی درسگاہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے،تعلیم اور تحقیق میں جدت وقت کی اہم ضرورت ہے، اور نوجوانوں کو جدید سائنسی رجحانات اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزارتِ غذائی تحفظ اورکامسٹس یونیورسٹی کے مابین تحقیقاتی تعاون سے زراعت کے شعبے میں حقیقی انقلاب آ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید سائنسی تحقیق، بائیوٹیکنالوجی، اور ایگری انوویشن کے ذریعے ملکی زرعی پیداوار میں اضافہ اور فوڈ سکیورٹی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔رانا تنویر حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور تحقیقی اداروں کی استعداد بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان سائنس دان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، اور انہیں مواقع اور وسائل فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وفاقی وزیر نے ڈاکٹر راحیل قمر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں کامسٹس یونیورسٹی تحقیق و اختراع کے نئے سنگ میل طے کرے گی۔








