وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس

لاہور۔24اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملکی سیاست میں اکھاڑ پچھاڑ ہوسکتی ہے، دسمبر سے 20 فروری تک جھاڑو پھر جائے گا،عمران خان کہیں نہیں جارہے بلکہ چار ہفتوں میں مہنگائی کو کنٹرول کریں گے، پاک فوج اور جمہوری حکومت ایک پیج پر ہے، 90 فیصد قوم پاک فوج سے پیار کرتی ہے، آرمی چیف نے بلاول کو فون کرکے بڑے پن کا …

لاہور۔24اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملکی سیاست میں اکھاڑ پچھاڑ ہوسکتی ہے، دسمبر سے 20 فروری تک جھاڑو پھر جائے گا،عمران خان کہیں نہیں جارہے بلکہ چار ہفتوں میں مہنگائی کو کنٹرول کریں گے، پاک فوج اور جمہوری حکومت ایک پیج پر ہے، 90 فیصد قوم پاک فوج سے پیار کرتی ہے، آرمی چیف نے بلاول کو فون کرکے بڑے پن کا مظاہرہ کیا،پیپلزپارٹی بہتر سوچ پر کھیل رہی ہے، پی پی وقت آنے پر پی ڈی ایم کے وہ فیصلے قبول نہیں کرےگی جس سے جمہوریت کو خطرہ ہوگا،عمران خان نے مشاورت کی بات کی کرپشن کے کیسز یا این آر او کےلئے تیار نہیں‘حکومت نوازشریف کو واپس لانے میں کتنی کامیاب ہوتی ہے یہ وقت بتائے گا۔ ہفتہ ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور پشاور کے جلسہ کےلئے دعاگو ہوں، اس میں دہشت گردی کا خطرہ ہے لیکن جلسوں سے حکومت کہیں نہیں جارہی، جو لوگ خود کو بہت پہلوان سمجھ رہے ہیں وہ ٹارزن کی پکڑ میں ہوں گے اور 31 دسمبر سے 20 فروری تک جھاڑو پھر جائے گا، ملکی سیاست میں اکھاڑ پچھاڑ ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ کہہ رہے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان دسمبر یا جنوری میں جا رہے ہیں لیکن انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ وہ کہیں نہیں جارہے اور چار ہفتوں میں مہنگائی کو کنٹرول کریں گے، ملک کا اصل مسئلہ مہنگائی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی پوری کوشش ہوگی نوازشریف کو واپس لایاجائے، اس میں کتنے کامیاب ہوتے ہیں یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا، شہبازشریف نے وطن واپس آکر غلطی کی، باہر ہی موج میلا کرتے رہتے، ان کا کیس سنگین ہے، انہوں نے غلط تجزیہ کیا، مریم نے دس ماہ اور نوازشریف نے ایک سال انتظار کیا ، جب بات نہیں بنی تو ان کے پاس میدان میں آنے کے سوا کوئی راستہ نہ تھا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ فرنٹ فٹ پر آگئی ہے اور پیپلزپارٹی بہتر سوچ پر کھیل رہی ہے، پی پی وقت آنے پر پی ڈی ایم کے وہ فیصلے قبول نہیں کرےگی جس سے جمہوریت کو خطرہ ہوگا۔ کراچی واقعے پر آرمی چیف کے بلاول کو فون سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلاول کو فون کرکے اچھا کام کیا، ادارے سب کے ہیں، فوج پیپلزپارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کا بھی ہے، فوج کی ساکھ پر بات آرہی ہو تو آرمی چیف نے دانش مندی اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرکے بلاول کو فون کیا۔شیخ رشید نے کہا کہ اداروں سے تصادم کی سیاست تباہ و برباد کردے گی ، شریف خاندان کی سیاست ہمیشہ کے لیے ختم ہوگئی، ادارے ملکی سالمیت کا نشان ہیں جن پر تنقید سے مقبولیت حاصل نہیں ہوگی کیونکہ 90 فیصد عوام سرحدوں پر جانوں کا نذرانہ دینے والی فوج کو سلام پیش کرتے ہیں اور صرف 10 فیصد تنقید کرتے ہیں جو اقامہ ہولڈر اور دہری شہریت رکھتے ہیں،قوم پاک فوج کوجمہوریت کے استحکام کا باعث سمجھتی ہے، جو پاک فوج پر تنقید کرتا ہے وہ ملک دشمن ایجنڈے پر کام کرتاہے“اداروں کی سیاست تباہ کردے گی ملکی سالمیت کا نشان ادارے ہیں اداروں پر تنقید سے مقبولیت نہیں ملتی۔وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ درست ہے، جس نے کورٹ پر بات کی اس کے گرد گھیرا تنگ ہورہا ہے، نجی ٹی وی کا نمائندہ گرفتار کیا گیا یا اٹھایا گیا اسے بازیاب ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی متحرک ہو گئی ہے ،کوئٹہ پشاور جلسے کےلئے د عاگو ہوں، کہیں بھی سانحہ رونما ہو سکتا ہے‘عمران خان نے مشاورت کی بات کی کرپشن کے کیسز یا این آر او کےلئے تیار نہیں،سیاست میں مشاورت ڈائیلاگ ختم نہیں کئے جا سکتے، جلسوں سے حکومت کہیں نہیں جا رہی۔شیخ رشید نے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے فریٹ ٹرینوں کی باقاعدہ آن لائن بکنگ شروع کردی ہے تاکہ اس سلسلے میں ہونے والی بے ضابطگیوں کو روکا جاسکے۔ 12 نومبر سے 8 مزید ٹرینیں پرائیویٹائز کرنے جارہے ہیں ،میری خواہش ہے کہ انفراسٹرکچر اور پراپرٹیز ریلوے کی ہوں، پرائیویٹ پارٹیاں آئیں اور اپنی فریٹ ٹرینیں چلائیں،ہم نے چار فریٹ ٹرینیں بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پرائیویٹ پارٹیزکو دے دی ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ شام 4بجکر30 منٹ پر لاہورراولپنڈی کے درمیان چلنے والی ریل کار کو بھی 30 نومبر سے بحال کرنے جارہے ہیں ،اس سلسلے میں کوچز کی تیاری مکمل کی جارہی ہے کیونکہ راولپنڈی اور لاہور کے درمیان مسافروں کی تعداد بڑھ رہی ہے اورمسافر ریلوے کے سفر کو ترجیح دیتے ہیں۔