وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ہمراہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا دورہ

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ہمراہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا دورہ

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ہمراہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا دورہ کیا اور حالیہ افسوسناک سانحے میں اپنے جگر گوشوں کو کھونے والے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی۔بعد ازاں وفاقی وزراء نے راولپنڈی میں بھی متاثرہ خاندان کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نےوزیراعظم محمد شہباز شریف اور اپنی جانب سے متاثرہ ماؤں اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش سانحہ ہے جسے محض الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم متاثرہ ماؤں کے درد کو محسوس کرنے اور ان کے غم میں شریک ہونے کے لیے ان کے پاس آئے ہیں۔ ایک ماں سے اس کا بچہ جدا ہونے کا دکھ ایسا سانحہ ہے جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں، جان بحق ہونے والے بچے واپس نہیں آ سکتے۔ حکومت اور پوری قوم اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان پیارے بچوں کو اپنی رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور تمام اہلِ خانہ کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔وفاقی وزیر صحت نے حکومت کی جانب سے دونوں متاثرہ خاندانوں کو بچوں کی دیکھ بھال اور معاونت کے لیے 50،50 لاکھ روپے کے چیک بھی پیش کیے۔ انہوں نےواضح کیا کہ یہ مالی معاونت کسی صورت ان کے نقصان کا نعم البدل نہیں بلکہ حکومت کیجانب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہونے اور ان کی ذمہ داری میں شریک ہونے کا ایک معمولی سا اظہار ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ واقعے کی مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات جاری ہیں،تحقیقات میں جو بھی ذمہ دار قرار پایا، اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔اس موقع پروفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بھی متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔وفاقی وزراء نے ایک بار پھر متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم بچوں کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار والدین و اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔