وفاقی وزیر قانون و انصاف سید علی ظفر کا کشن گنگا اور رتلے ہائیڈرو پاور پلانٹس سے متعلق تنازعات میں پیشرفت کا نوٹس

وفاقی وزیر قانون و انصاف سید علی ظفر کا کشن گنگا اور رتلے ہائیڈرو پاور پلانٹس سے متعلق تنازعات میں پیشرفت کا نوٹس
وزیر قانون و انصاف کاعالمی بنک کی جانب سے ثالثی عدالت کی جیوری کی تعیناتی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد ۔ 14 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر قانون و انصاف سید علی ظفر نے کشن گنگا اور رتلے ہائیڈرو پاور پلانٹس سے متعلق تنازعات میں پیشرفت کا نوٹس لیتے ہوئے عالمی بنک کی جانب سے ثالثی عدالت کی جیوری کی تعیناتی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پانی ہمارے ملک کا سب سے اہم مسئلہ ہے اور بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی سے ہنگامی ترجیحی بنیادوں پر نمٹنے کی ضرورت ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا کیونکہ پاکستان کے قیمتی پانی کا مسقبل خطرے میں ہے۔سید علی ظفر کی زیر صدارت اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔اجلاس میں پاکستان کے حوالے سے بین الاقوامی تنازعات سے متعلق امور زیر بحث لائے گئے۔اٹارنی جنرل اور لاءڈویژن کے حکام نے ان معاملات پر اجلاس کو بریفنگ دی۔وفاقی وزیر کو کرکی،ریکو ڈک سمیت کمرشل تنازعات کے علاوہ سندھ طاس معاہدہ سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔