وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس

اسلام آباد ۔ 19 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر کی زیر صدارت اتوار کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ این سی او سی حکام کے مطابق اجلاس میں کورونا وائرس کے عدم پھیلائو کیلئے سماجی فاصلے اور طے شدہ گائیڈ لائنز پر مؤثر عملدرآمد، مقامی طور پر تیار ہونے والے طبی آلات …

اسلام آباد ۔ 19 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر کی زیر صدارت اتوار کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ این سی او سی حکام کے مطابق اجلاس میں کورونا وائرس کے عدم پھیلائو کیلئے سماجی فاصلے اور طے شدہ گائیڈ لائنز پر مؤثر عملدرآمد، مقامی طور پر تیار ہونے والے طبی آلات کی استعداد کار سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو مؤثر عوامی آگاہی مہم کے ذریعے ہی روکا جا سکتا ہے، سماجی فاصلہ اور ایس او پیز پر عملدرآمد ہی اس وباء کی روک تھام میں مؤثر کردار کر سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کی مقامی سطح پر تیار کئے جانے والے میڈیکل آلات کی استعداد بڑھانے کیلئے بین الوزارتی گروپ تشکیل دیا جائے جس میں وزارت صنعت و پیداوار کو بھی شامل کیا جائے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات، آئی ایس پی آر اور وزارت صحت مل کر قرنطینہ مراکز کے حوالہ سے نئی گائیڈ لائنز کو عوامی رویوں کے مطابق بنانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں، نئی گائیڈ لائن میں ایسی کوئی چیز شامل نہ ہو جسے عوامی رویہ تسلیم کرنے سے گریزاں ہو۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے آئندہ اجلاس میں ابھی تک برآمد کئے گئے حفاظتی میڈیکل سامان اور ترسیل سے متعلق حکمت عملی سے متعلق بریفنگ دیں۔ اجلاس میں وزیر داخلہ بریگیڈ (ر) اعجاز احمد شاہ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، وفاقی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار، وفاقی وزیر برائے قومی خوراک و تحفظ فخر امام، مشیر قومی سلامتی معید یوسف، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کوویڈ۔19 ڈاکٹر فیصل سلطان، لیفٹیننٹ جنرل عمود الزمان سمیت دیگر حکام اجلاس میں شریک تھے۔